کوئٹہ میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان خاندانوں کو 7 روز میں وطن واپسی کی ہدایت
مقررہ مدت میں مکانات و دکانیں خالی کر کے باعزت طریقے سے افغانستان واپس جائیں، عوامی آگاہی پیغام

واپسی کے عمل کے دوران کسی کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار نہیں کیا جائے گا، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ)فرنٹیئر کور بلوچستان نے کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان خاندانوں کو سات روز کے اندر پاکستان چھوڑ کر اپنے وطن افغانستان واپس جانے کی ہدایت کی ہے۔ ایف سی بلوچستان کی جانب سے جاری عوامی آگاہی پیغام میں متعلقہ خاندانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر اپنے مکانات اور دکانیں خالی کرکے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ افغانستان واپس چلے جائیں۔ایف سی بلوچستان کے مطابق بوسہ منڈی، سیٹلائٹ ٹان، پشتون آباد، حاجی غیبی روڈ، خیبر درہ، کلی درانی، رحمت کالونی نمبر ایک، اسماعیل کالونی، رحمت کالونی نمبر دو، رشید چوک، تارو چوک، ملا عبدالسلام، سریاب روڈ، جتک اسٹاف اور ان سے ملحقہ علاقوں میں مقیم افغان خاندانوں کو واپسی کے لیے سات روز کی مہلت دی گئی ہے۔پیغام میں واضح کیا گیا ہے کہ افغان خاندانوں کی واپسی کے دوران کسی کے ساتھ غیر قانونی، نامناسب یا غیر انسانی رویہ اختیار نہیں کیا جائے گا۔ ایف سی بلوچستان کے مطابق متعلقہ علاقوں میں تعینات اہلکار واپسی کے عمل کے دوران افغان خاندانوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے اور ان کے جان و مال، عزت و آبرو کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ایف سی بلوچستان نے کہا ہے کہ اس اقدام کا مقصد علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے ساتھ واپسی کے عمل کو پرامن اور منظم انداز میں مکمل کرنا ہے۔ متعلقہ علاقوں کے رہائشیوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جاری کردہ ہدایات سے آگاہ رہیں اور واپسی کے عمل میں متعلقہ حکام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں۔ایف سی بلوچستان نے افغان خاندانوں پر زور دیا ہے کہ وہ مقررہ سات روز کے اندر اپنے معاملات مکمل کرکے باعزت طریقے سے افغانستان واپس چلے جائیں۔ ادارے کے مطابق اس دوران قانون کے مطابق اقدامات اور شہریوں کے تحفظ کو بنیادی اہمیت دی جائے گی۔
