وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کا تعلیمی انقلاب: صحبت پور کی ماہرہ محمود آکسفورڈ اور کوہلو کی حمیرہ یونس آسٹریلوی جامعہ پہنچ گئیں
بلوچستان کے غریب اور متوسط طبقے کے باصلاحیت طلبہ کے لیے دنیا کی صفِ اول کی درسگاہوں میں تعلیم کے دروازے کھل گئے

غربت کو خوابوں کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے، بیف اسکالرشپ پروگرام صوبے کے روشن مستقبل کی نوید ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق حکومت بلوچستان نے صوبے کے غریب اور متوسط طبقے کے باصلاحیت نوجوانوں کے لیے عالمی سطح کی جامعات میں اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھول دیے ہیں۔ بلوچستان کے دور افتادہ علاقے صحبت پور سے تعلق رکھنے والی ماہرہ محمود نے برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی جبکہ کوہلو کی حمیرہ یونس نے آسٹریلیا کی یونیورسٹی آف کوئنز لینڈ تک رسائی حاصل کرکے صوبے کی بیٹیوں کی صلاحیتوں کا عالمی سطح پر اعتراف کرایا ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے دونوں طالبات کی کامیابی کو صوبے کے نوجوانوں کے روشن مستقبل اور حکومتی اسکالرشپ پروگرام کے ثمرات کی عکاسی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کی یہ قابل فخر بیٹیاں ہزاروں نوجوانوں کے لیے امید اور حوصلے کی علامت ہیں۔ صحبت پور سے آکسفورڈ اور کوہلو سے آسٹریلیا کی معروف جامعہ تک ان کا سفر اس عزم کا اظہار ہے کہ بلوچستان میں غربت کو خوابوں کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے اپنا وعدہ پورا کیا ہے کہ بلوچستان کے غریب اور متوسط طبقے کے بچے بھی دنیا کی ان جامعات میں تعلیم حاصل کریں گے جہاں عموماً صاحب حیثیت خاندانوں کے بچے پڑھتے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ کسی بچے کا مستقبل اس کے والدین کی مالی حیثیت سے نہیں بلکہ اس کی قابلیت، محنت اور صلاحیت سے طے ہو۔ کسی باصلاحیت نوجوان کا خواب محض مالی وسائل کی کمی کے باعث ادھورا نہیں رہنا چاہیے۔ آکسفورڈ یونیورسٹی میں زیر تعلیم ماہرہ محمود نے اپنے تاثرات میں کہا کہ اگر انہیں بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ اسکالرشپ نہ ملتی تو فیس کے اخراجات کے باعث آکسفورڈ میں تعلیم حاصل کرنے کا خواب کبھی پورا نہ ہو پاتا۔ انہوں نے کہا کہ آج وہ اپنا خواب جی رہی ہیں اور اس موقع کی فراہمی پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سمیت ان تمام افراد کی شکر گزار ہیں جنہوں نے اس اقدام کو عملی جامہ پہنایا۔ ماہرہ محمود نے کہا کہ آکسفورڈ یونیورسٹی کے تاریخی کالج لیڈی مارگریٹ ہال کا حصہ بننا ان کے لیے باعث فخر ہے، کیونکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی بھی اس کالج سے وابستگی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تاریخی درسگاہ میں تعلیم حاصل کرنا ان کے لیے ایک غیر معمولی اعزاز ہے۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے ماہرہ محمود اور حمیرہ یونس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بلوچستان کی قابل فخر بیٹیاں ہیں اور ان کی کامیابیاں صوبے کے ہر نوجوان اور ہر بیٹی کے روشن مستقبل کی امید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ اسکالرشپ محض مالی معاونت نہیں بلکہ بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے ترقی، خود اعتمادی اور عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کو منوانے کا ایک نیا راستہ ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان تعلیم کے ذریعے ایسا معاشرہ تشکیل دینا چاہتی ہے جہاں ہر بچے کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع میسر ہوں۔ صحبت پور کی ماہرہ محمود اور کوہلو کی حمیرہ یونس کی کامیابی اس بات کا اظہار ہے کہ صوبے کے دور افتادہ علاقوں کی بیٹیاں بھی اپنی محنت، قابلیت اور صلاحیت کے بل بوتے پر دنیا کی صف اول کی جامعات میں جگہ بنا سکتی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت بلوچستان نوجوانوں کی تعلیم اور ترقی کے لیے اقدامات جاری رکھے گی تاکہ صوبے کا کوئی بھی باصلاحیت نوجوان مالی مشکلات کے باعث اعلیٰ تعلیم سے محروم نہ رہے اور بلوچستان کی نئی نسل علم، تحقیق اور پیشہ ورانہ مہارت کے میدان میں عالمی سطح پر اپنی پہچان بنا سکے۔
