پورے فیڈر نہیں صرف بجلی چوری والے ٹرانسفارمرز بند ہوں گے، نیا نظام


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ بجلی چوری والے علاقوں میں مخصوص ٹرانسفارمرز بند کرنے کیلئے ای پی ایم ایس نصب کیا جا رہا ہے اس نظام سے نشاندہی کر کے متعلقہ چوری والے ٹرانسفارمرز بند کیےجائیں گے۔
ڈی جی خان ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ بجلی چوری کی روک تھام کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جا رہا ہے ای پی ایم ایس سے پورے فیڈر کے ہزاروں بےگناہ صارفین متاثر نہیں ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ 30 فیصد یا زائد لائن لاسز والے تمام فیڈرز پر لوڈشیڈنگ جاری رہےگی بجلی چوری اور بل ادا نہ کرنے والوں کو کسی صورت ریلیف نہیں دیا جائےگا۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ ملک میں بجلی کی طےشدہ لوڈشیڈنگ سے صارفین کو بھاری بلوں سے بچایا گیا، ایران امریکا جنگ کے باعث گیس کی قلت سے بجلی کی پیداوار مہنگی ہو رہی ہے۔
ایئرپورٹ سے متعلق انہوں نے کہا کہ ڈی جی خان ایئرپورٹ کو عالمی پروازوں کےلیے اپ گریڈ کیا جا رہا ہے ایئرپورٹ منصوبہ ساڑھے 5ارب لاگت سے جنوری 2028 میں مکمل ہو گا، وزیراعظم کی ہدایت پر ایئرپورٹ کو انٹرنیشنل بنانے کا کام شروع ہو چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈی جی خان میں وزیراعظم کے اعلان کردہ 4ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جس میں ایئرپورٹ توسیع، کینسراسپتال، سیوریج اورسڑکوں کی کشادگی کے منصوبے شامل ہیں، ڈی جی خان میں 50سالہ ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے سیوریج کا منصوبہ بنایا گیا، سڑکوں کی توسیع اورکشادگی سے شہریوں کو آمدورفت میں بہترین سہولت ملے گی۔

WhatsApp
Get Alert