سلمان علی آغا نے سنچری کے بعد منفرد انداز میں جشن منانے کی وجہ بتادی

راولپنڈی(قدرت روزنامہ) پاکستان کے مڈل آرڈر بیٹسمین سلمان علی آغا نے سری لنکا کیخلاف سنچری کے بعد منفرد انداز میں جشن منانے کی وجہ بتادی۔

پاکستان کے مڈل آرڈر بیٹسمین سلمان علی آغا نے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے افتتاحی میچ میں سری لنکا کے خلاف شاندار سنچری بنانے کے بعد پریس کانفرنس میں اپنے کیریئر، ڈومیسٹک کرکٹ اور ناقدین کے رویے پر کھل کر بات کی ہے۔

اتوار کے روز کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دی۔ پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 49 اعشاریہ 5 اوورز میں 305 رنز بنائے، جس میں سلمان علی آغا نے 90 گیندوں پر 107 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ یہ ان کے ون ڈے کیریئر کی چوتھی سنچری تھی۔ ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 48 اعشاریہ 1 اوور میں 268 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ ان کے لیے تینوں فارمیٹس میں پرفارم کرنا اہم ہے، تاہم خوش قسمتی سے ون ڈے کرکٹ میں ان کی کارکردگی زیادہ بہتر رہی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ان کی بیٹنگ میں فارمیٹس کے لحاظ سے کوئی بڑی تبدیلی نہیں آتی، اور انہیں کسی کو کچھ ثابت کرنے یا جواب دینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا میرے پاس اتنا وقت نہیں کہ کسی کو جواب دوں، مجھے کرکٹ پسند ہے اور پاکستان کے لیے کھیلنا میرا مقصد ہے۔

WhatsApp
Get Alert