خیبرپختونخوا میں گورنرراج، ایمرجنسی اور عوامی مینڈیٹ میں کسی بھی غیر آئینی، غیرجمہوری مداخلت کو قبول نہیں کیا جائےگا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی اور کور کمیٹی کا دو روزہ مشترکہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی و آئینی صورتحال، خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ، منتخب صوبائی حکومت کے خلاف اقدامات، پارٹی قیادت اور کارکنوں کی گرفتاریوں، سیاسی انتقامی کارروائیوں، دہشت گردی کے حوالے سے حکومتی الزامات اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سمیت دیگر سیاسی اسیران کے بنیادی حقوق کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں متفقہ طور پر 11 اکتوبر کے اقدامات، بالخصوص خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ، کونسل کے قیام اور عوام کی منتخب کردہ صوبائی حکومت کو غیر فعال یا تحلیل کرنے کے اقدامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے انہیں غیر آئینی، غیر جمہوری اور عوامی مینڈیٹ پر سنگین حملہ قرار دیا گیا۔
ایکس پر پی ٹی آئی کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق اجلاس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ایک منتخب صوبائی حکومت کو سیاسی بنیادوں پر غیر فعال یا تحلیل کرنا ماضی کے آمرانہ طرزِ حکمرانی اور آئین کے منسوخ شدہ آرٹیکل 58(2)(b) کی طرز کے اختیارات کو دوبارہ زندہ کرنے کے مترادف ہے۔
ایسے اقدامات آئین کی بالادستی، وفاقی نظام، صوبائی خودمختاری اور جمہوری اصولوں کے منافی ہیں۔
اجلاس میں دوٹوک مؤقف اختیار کیا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف ایمرجنسی، گورنر راج اور منتخب صوبائی حکومت کے خلاف کیے گئے ان اقدامات کو کسی صورت قبول نہیں کرے گی اور ان کے خلاف تمام آئینی، قانونی، پارلیمانی اور پُرامن عوامی فورمز پر بھرپور طریقے سے آواز اٹھائی جائے گی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، اسپیکر صوبائی اسمبلی، صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی اور دیگر منتخب نمائندوں کے اغوا، غیر قانونی حراست اور گرفتاریوں کی شدید مذمت کی گئی اور ان کی فوری بازیابی، قانونی حقوق کے تحفظ اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔

اجلاس میں اس امر پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا کہ منتخب نمائندوں کو سیاسی اختلافات کی بنیاد پر نشانہ بنانا جمہوری اداروں، صوبائی خودمختاری اور عوامی نمائندگی کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
اجلاس میں علیمہ خان اور ان کی بہنوں سے متعلق جاری معاملے پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ ایک ماہ گزرنے کے باوجود ان کے حوالے سے پیدا ہونے والی صورتحال اور شکایات کا ازالہ نہ ہونے کی مذمت کرتے ہوئے ان کے بنیادی، آئینی اور قانونی حقوق کے مکمل تحفظ کا مطالبہ کیا گیا۔
ملک بھر میں سیاسی کارکنوں کی گرفتاریوں، ایم پی او کے تحت نظر بندیوں اور سیاسی انتقامی کارروائیوں کی شدید مذمت
اجلاس میں ملک بھر میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں، عہدیداروں، کارکنوں اور حامیوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن، گھروں پر چھاپوں، گرفتاریوں، نظر بندیوں، ہراسانی اور سیاسی انتقامی کارروائیوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی گئی۔
اسی طرح اعلامیہ کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی فوری شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقلی، سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد اور ملاقاتوں کی بحالی کا پُرزور مطالبہ
پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی اور کور کمیٹی کے دو روزہ مشترکہ اجلاس میں پی ٹی آئی چیئرمین، سابق وزیراعظم عمران خان کی صحت، ان کی فوری ہسپتال منتقلی، ضروری طبی معائنے اور علاج میں تاخیر، اور ان سے ملاقاتوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے پر انتہائی شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں سپریم کورٹ آف پاکستان سے پُرزور مطالبہ کیا گیا کہ وہ عمران خان سے ملاقاتوں اور ان کے بنیادی حقوق سے متعلق اپنے احکامات پر فوری اور مؤثر عمل درآمد یقینی بنائے۔ عمران خان کی صحت اور زندگی کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتے ہوئے انہیں بلا تاخیر شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا جائے، ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں تمام ضروری طبی معائنے اور علاج کی سہولت فراہم کی جائے، اور ان کی اہلِ خانہ، قانونی ٹیم اور متعلقہ افراد سے باقاعدہ ملاقاتوں کا حق فوری طور پر بحال کیا جائے۔
اجلاس میں بشریٰ بی بی سے اہلِ خانہ اور قانونی ٹیم کی ملاقاتوں میں حائل رکاوٹوں کے خاتمے اور ان کے تمام آئینی، قانونی اور بنیادی حقوق کی مکمل بحالی کا بھی مطالبہ کیا گیا۔
اجلاس میں واضح کیا گیا کہ عمران خان کی صحت، زندگی، علاج اور ملاقاتوں کے معاملات پر مزید تاخیر کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ عدالتی احکامات پر عمل درآمد کوئی رعایت یا سیاسی احسان نہیں بلکہ آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے۔
عمران خان اور بشریٰ بی بی سمیت تمام اسیران کے ساتھ آئین، قانون اور انسانی وقار کے تقاضوں کے مطابق سلوک یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، سینیٹر اعجاز چوہدری، میاں محمود الرشید، عمر سرفراز چیمہ، پارٹی کی اسیر خواتین اور کوٹ لکھپت جیل سمیت ملک کی دیگر جیلوں میں قید پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کی مسلسل قید، صحت، علاج اور قانونی حقوق سے متعلق صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں ان تمام سیاسی اسیران کو ضروری طبی سہولیات، اہلِ خانہ اور وکلاء سے ملاقاتوں، شفاف عدالتی کارروائی اور تمام بنیادی حقوق کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا۔
اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف اپنے تمام اسیر رہنماؤں، خواتین اور کارکنوں کے خلاف سیاسی انتقام کی بنیاد پر قائم کیے گئے مقدمات کو قانونی فورمز پر چیلنج کرنے، ان کی رہائی اور انصاف کی فراہمی کے لیے بھرپور آئینی اور قانونی جدوجہد جاری رکھے گی۔
دو روزہ مشترکہ اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا متفقہ اعادہ کیا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک میں آئین کی بالادستی، جمہوری اداروں کے تحفظ، صوبائی خودمختاری، عوامی مینڈیٹ کے احترام اور سیاسی قیدیوں کے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
اجلاس میں پارٹی کی تمام تنظیموں، منتخب نمائندوں، عہدیداروں اور کارکنوں پر زور دیا گیا کہ وہ باہمی اتحاد، نظم و ضبط اور مربوط حکمتِ عملی کے ساتھ سیاسی، قانونی، پارلیمانی اور میڈیا محاذوں پر اپنا کردار ادا کریں۔
اجلاس میں دوٹوک اعلان کیا گیا کہ خیبرپختونخوا کے عوامی مینڈیٹ میں کسی بھی غیر آئینی مداخلت، سیاسی کارکنوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں اور جمہوری حقوق کی پامالی کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ پاکستان تحریک انصاف ان اقدامات کے خلاف آئین، قانون اور پُرامن جمہوری جدوجہد کے تمام دستیاب راستے اختیار کرے گی اور ہر متعلقہ فورم پر بھرپور طریقے سے آواز اٹھائے گی۔

WhatsApp
Get Alert