یہ قاتلوں کی حکومت ہے، یہ پاکستان کو بربادی کے کنویں میں ڈال رہے ہیں، محمود اچکزئی
فرانس میں مظاہرے ہوئے کسی نے گولی نہیں چلائی، ہم جلوس نکالتے ہیں یہ سیدھی سر میں گولیاں مارتے ہیں، سیاسی لوگوں نے اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کیں تو یہ بربادی پاکستان کو نگل جائے گی؛ اپوزیشن لیڈر کی میڈیا سے گفتگو

پشاور(قدرت روزنامہ)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر، تحریک تحفظ آئین پاکستان کے چیئرمین اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران قاتل ہیں جو اپنے اقتدار کو بچانے کے لیے پرامن جلوسوں پر سیدھی گولیاں چلاتے ہیں۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دنیا کے دیگر ممالک کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فرانس جیسے ممالک میں بڑے بڑے مظاهرے ہوتے ہیں لیکن وہاں کسی پر گولی نہیں چلائی جاتی، پاکستان میں تحریک انصاف اور تحریک لبیک پاکستان یعنی ٹی ایل پی کے کارکنوں سمیت 120 سے زائد کشمیریوں کو مظاہروں کے دوران شہید کیا گیا، اس ظالم حکومت اور نظام کے خلاف خاموش رہنا اور آواز نہ اٹھانا اب خود ایک بہت بڑا جرم بن چکا ہے۔
ہم جلوس نکالتے ہیں یہ سیدھی سر میں گولیاں مارتے ہیں۔ یہ قاتلوں کی حکومت ہے۔ ٹی ایل پی کے کارکنان کو مارا گیا، 120 سے زائد کشمیریوں کو مارا گیا، یہ قاتل ہیں۔ فرانس میں مظاہرے ہوئے کسی نے گولی نہیں چلائی۔ اس حکومت کے خلاف نہ اٹھنا جرم ہے، محمود اچکزئی https://t.co/ZZSodMNOQ3
— Rizwan Ghilzai (Remembering Arshad Sharif) (@rizwanghilzai) October 20, 2026
ملکی انتخابات اور عوام کے مینڈیٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے محمود اچکزئی کا کہنا تھا کہ چار کروڑ عوام کی رائے دہی اور ووٹ کا بھیانک مذاق اڑایا گیا، جسے فوری طور پر روکا جانا چاہئے، عمران خان اچھا ہو یا برا لیکن یہ ایک ناقابلِ تردید حقیقت ہے کہ 2024ء کا الیکشن عمران خان اور اس کی پارٹی نے واضح طور پر جیتا تھا مگر حکمران طبقہ وہ مینڈیٹ دینے کے لیے ہرگز تیار نہیں تھا، یہ لوگ پہلے دن سے ہی اس کوشش میں لگے ہوئے تھے اور انہوں نے لوگوں کو ڈرا دھمکا کر قومی اسمبلی کی نشستیں کم کرکے 70 پر لا کھڑا کیا۔
اگر سیاسی لوگوں نے اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کیں تو یہ بربادی پاکستان کو نگل جائے گی۔ یہ پاگل کے بچے پاکستان کو بربادی کے کنویں میں ڈال رہے ہیں، محمود اچکزئی https://t.co/tswEeRaiGV
— Umer Inam (@UmerInamPk) October 20, 2026
عدالتوں اور دیگر اداروں کے کردار پر تنقید کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ عدالتوں اور مقتدرہ نے مل کر عوام کے مینڈیٹ کے خلاف ایک محاذ بنا لیا ہے، عدالتوں کے ذریعے ایک سیاسی جماعت سے اس کا انتخابی نشان چھین لیا گیا، جو کہ دنیا میں کہیں بھی نہیں ہوتا، تحریک انصاف کے لوگوں کو باہر کھینچا گیا اور ان کی اقلیتوں اور خواتین کی مخصوص نشستیں باقی پارٹیوں میں باقاعدہ مالِ غنیمت کے طور پر بانٹ دی گئیں، انتہائی دکھ کی بات ہے کہ بدقسمتی سے کسی ایک پارٹی نے بھی یہ کہہ کر انکار نہیں کیا کہ یہ نشستیں ان کا حق نہیں بنتی ہیں۔
سربراہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے خبردار کیا کہ آخری مورچہ جو عمران خان کی پارٹی کا تھا، جس کو عوام کے چار کروڑ ووٹ ملے تھے، اب اس پر بھی حملے کیے جا رہے ہیں، ججز سمیت جو بھی انسان انصاف، سیاست اور بنیادی حقوق پر یقین رکھتا ہے، اسے دیکھنا چاہیے کہ عوام کا مینڈیٹ اور حکومتیں چھینے جانے کے بعد انہیں احتجاج کرنے کا حق بھی نہیں دیا جا رہا، اگر عدالتوں نے آئین و قانون کے مطابق منصفانہ فیصلے نہ کیے تو پھر فیصلے سڑکوں پر ہوں گے، جو کہ ملک کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہوں گے، تمام سیاسی قوتوں اور ذمہ داران کو ملک کو تباہی کے کنویں سے بچانے کے لیے فوری ہوش کے ناخن لینے ہوں گے۔
