سابق خیبرپختونخوا حکومت دہشتگردوں کی سہولت کاری میں ملوث تھی، ناقابلِ تردید شواہد سامنے لائیں گے، پی ٹی آئی سے مذاکرات میں سابق حکومت کی بحالی شامل نہیں، عطا تارڑ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کی سابق صوبائی حکومت دہشتگردوں کی سہولت کاری میں ملوث تھی، جس کے ناقابل تردید شواہد سامنے لائے جائیں گے۔ صوبے میں ایک انتہائی قابل نیا انتظامی سیٹ اپ آچکا ہے اور ان کے خیال میں مذاکرات کے ایجنڈے میں سابق صوبائی حکومت کی بحالی شامل نہیں ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عطااللہ تارڑ نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں نئی انتظامیہ کے قیام کے بعد صوبائی ایڈوائزری کونسل کو اختیار حاصل ہے کہ وہ مختلف معاملات کو کس طرح آگے بڑھاتی ہے۔قومی احتساب بیورو (نیب) نے کوہستان اسکینڈل کی تحقیقات انتہائی مہارت سے کیں، جس کے نتیجے میں اربوں روپے کی کرپشن بے نقاب ہوئی۔صوبائی ایڈوائزری کونسل کے پاس اختیار موجود ہے کہ وہ ان مقدمات اور معاملات کو کس طرح آگے لے کر چلتی ہے۔مراد سعید کی انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن (آئی ایس ایف) کی ٹیم میں سہیل آفریدی، مینا خان، شفیع جان اور شاہد خٹک شامل تھے۔
انہوں نے کہاکہ مراد سعید کی ٹیم کا غیر ذمہ دارانہ رویہ کھل کر سامنے آچکا ہے اور یہ لوگ بری طرح بے نقاب ہوگئے ہیں۔تحریک انصاف کی قیادت دعوے کرتی رہی کہ لاکھوں افراد سڑکوں پر نکلیں گے، لیکن خیبر میں چند لوگوں کے سوا کوئی باہر نہیں نکلا۔دعویٰ کیاکہ خیبرپختونخوا کے عوام نے سابق صوبائی حکومت سے نجات ملنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔تحریک انصاف نے پہلے 27 ستمبر اور پھر 4 اکتوبر کی تاریخ دی، لیکن حقیقت یہ تھی کہ ان کے پاس لانگ مارچ کے لیے مطلوبہ تعداد میں لوگ ہی موجود نہیں تھے۔تحریک انصاف کے پاس نہ سڑکوں پر عوام کو متحرک کرنے کی طاقت تھی اور نہ ہی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے کوئی واضح لائحہ عمل موجود تھا۔
وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنماؤں سے مذاکرات کیے گئے تھے اور وہ بات چیت کے دوران معاملات پر رضامند بھی ہوگئے تھے۔اگر مذاکرات کامیاب ہوجاتے تو وہ سب سے پہلے کھڑے ہوکر اس کامیابی پر مبارکباد دیتے۔انہیں نہیں لگتا کہ موجودہ بات چیت میں خیبرپختونخوا کی سابق صوبائی حکومت کی بحالی کا معاملہ شامل ہے۔مذاکرات صوبائی حکومت کی واپسی کے لیے نہیں ہورہے، کیونکہ اب یہ مرحلہ گزر چکا ہے اور ٹرین اسٹیشن چھوڑ چکی ہے۔تحریک انصاف کے رہنما زیادہ تر عمران خان کو حاصل مراعات کے معاملے پر بات کرتے رہے ہیں۔تحریک انصاف کے بعض رہنما حکومتی شخصیات سے غیر رسمی رابطے اور بات چیت بھی کررہے ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف متعدد مرتبہ تحریک انصاف کو مذاکرات کی پیشکش کرچکے ہیں۔تحریک انصاف کے رہنما مذاکرات سے بہت خوش تھے، تاہم سہیل آفریدی کی وجہ سے انہیں سبکی کا سامنا کرنا پڑا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے عمران خان کو جیل میں فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق کہاکہ انہیں اپنی مرضی کا کھانا دیا جاتا ہے اور ورزش کے لیے مشینیں بھی ان کے پاس موجود ہیں۔خیبرپختونخوا میں ایک انتہائی قابل نیا انتظامی سیٹ اپ آچکا ہے اور صوبائی ایڈوائزری کونسل کو اختیار حاصل ہے کہ وہ متعلقہ معاملات اور مقدمات کو کس انداز میں آگے بڑھاتی ہے۔
