وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر کوئٹہ میں کھلی کچہری، عوامی مسائل کے فوری حل کے احکامات جاری

کوئٹہ(قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ بلوچستان کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیرِ صدارت ڈی سی آفس کمپلیکس کوئٹہ میں کھلی کچہری منعقد ہوئی، جس میں شہریوں نے اپنے بنیادی مسائل اور شکایات متعلقہ حکام کے سامنے پیش کیں۔
کھلی کچہری میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انور کاکڑ سمیت مختلف سرکاری محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ان میں سوئی سدرن گیس کمپنی، کیسکو، واسا، کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن، صفا کوئٹہ، بلوچستان پولیس، ٹریفک پولیس، نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور محکمہ صحت کے نمائندے شامل تھے۔
اس موقع پر شہریوں نے گیس پریشر میں کمی، بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی، گلیوں اور نالیوں کی صفائی، سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور ٹریفک کے مسائل سے متعلق شکایات پیش کیں۔
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے شہریوں کی شکایات اور تجاویز سنیں اور متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے افسران کو مقررہ وقت کے اندر پیش رفت رپورٹ جمع کرانے کی بھی ہدایت کی۔
