سیاسی انتقام ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتا، عمران خان کے نظریے پر ڈٹ کر کھڑے ہیں، عون عباس بپی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر عون عباس بپی نے کہا ہے کہ عمران خان کے نظریے سے وابستگی اور حق کی آواز بلند کرنے کی قیمت سیاسی انتقام کی صورت میں وصول کی جا رہی ہے، تاہم جبر، دباؤ اور انتقامی فیصلے ان کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔
اپنے ایکس بیان میں عون عباس بپی نے کہا کہ ایک ہفتہ قبل سہیل آفریدی کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے بعد پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر معین ریاض قریشی پر 30 لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنا بھی اسی انتقامی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔وہ عمران خان کے نظریے، آئین و قانون کی بالادستی اور اپنے حق کے لیے ڈٹ کر کھڑے ہیں اور نہ جھکیں گے، نہ پیچھے ہٹیں گے۔
سینیٹر عون عباس بپی نے اپنے ایک اور بیان میں ملتان میں ایک یتیم بچے کو گاڑی تلے روند کر قتل کیے جانے کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ انسانیت کے منہ پر طمانچہ ہے۔ایسے افراد کو قانون کے مطابق عبرتناک سزا دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ محض ایک قتل نہیں بلکہ معاشرے کے ضمیر کا امتحان ہے۔ریاست کو سخت احتساب یقینی بنانا چاہیے تاکہ آئندہ کوئی کمزور اور بے سہارا انسان کسی ظالم کے ظلم کا نشانہ نہ بن سکے۔

WhatsApp
Get Alert