محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی مبینہ کرپشن: بارکھان میں کروڑوں کی لاگت سے بنی نئی سڑک 6 ماہ میں کھنڈر بن گئی

رکھنی تا دبہ روڈ پر ناقص مٹیریل کے استعمال نے صوبائی حکومت کے ترقیاتی دعووں کا پول کھول دیا، شفاف تحقیقات کا مطالبہ


بارکھان (ڈیلی قدرت کوئٹہ) ضلع بارکھان میں رکھنی سے دبہ کو ملانے والی اہم رابطہ سڑک تعمیر کے محض چھ ماہ کے مختصر عرصے کے اندر ہی شدید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی ہے، جبکہ نالوں اور پلوں کی جگہ بچھائے گئے پائپ بھی مکمل طور پر بند ہو چکے ہیں جس کے باعث علاقہ مکینوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔سڑک کی اتنی قلیل مدت میں زبوں حالی نے تعمیراتی معیار، ٹھیکیدار کی کارکردگی اور متعلقہ محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس (سی اینڈ ڈبلیو)پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ مقامی ذرائع اور شہریوں کے مطابق ایکسئین بارکھان کی مبینہ ملی بھگت اور نااہلی کے باعث غیر معیاری مٹیریل کا استعمال کیا گیا، جس کی وجہ سے نو تعمیر شدہ سڑک چند مہینوں میں ہی کھنڈر کا منظر پیش کرنے لگی ہے۔ سڑک کی ٹوٹ پھوٹ اور پانی کی گزرگاہوں کے بچھائے گئے پائپ بند ہونے کی وجہ سے عام شہریوں کے ساتھ ساتھ مریضوں، اسکول جانے والے بچوں اور تاجروں کو شدید سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ متوقع بارشوں کے دوران پانی کی نکاسی نہ ہونے کی وجہ سے سڑک کو مزید نقصان پہنچنے کا قوی اندیشہ ہے۔بارکھان اور گرد و نواح کے شدید برہم علاقہ مکینوں نے حکومتِ بلوچستان، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو اور اعلی اختیاراتی حکام سے فوری نوٹس لینے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے اپیل کی ہے کہ رکھنی تا دبہ روڈ کی تعمیر میں استعمال ہونے والے مٹیریل اور کام کے معیار کی فوری شفاف اور تکنیکی تحقیقات کرائی جائیں، بند پائپوں کو فوری طور پر کھلوا کر سڑک کی معیاری مرمت کی جائے تاکہ عوام کو درپیش دائمی اذیت سے نجات مل سکے۔

WhatsApp
Get Alert