ویزہ فراڈ پر خودکشی کرنے والی لائبہ سے ہتھیائی گئی رقم متاثرہ خاندان کو واپس مل گئی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ویزہ فراڈ کی شکار ہونے کے بعد خودکشی کرنے والی لائبہ اعجاز کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے لائبہ کے گھر جا کر متاثرہ خاندان کو ایجنٹ کی طرف سے طالبہ سے لوٹی گئی 51 لاکھ روپے کی رقم واپس کردی۔
اطلاعات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر مملکت طلال چوہدری اور انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد نے لائبہ اعجاز کی رہائش گاہ کا دورہ کیا، اس موقع پر وزراء نے لائبہ کے غمزدہ گھر والوں سے تعزیت کا اظہار کیا اور ویزہ فراڈ کے ذریعے ہتھیائے گئے 51 لاکھ روپے نقد ان کے حوالے کردیئے اور متاثرہ خاندان کو یقین دلایا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مظلوم خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کیس میں مکمل انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
ملاقات کے بعد لائبہ کے والد رانا اعجاز نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزیر داخلہ سمیت سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں، میری بیٹی بیرون ملک جانا چاہتی تھی اور ملک کی خدمت کرنا چاہتی تھے، میرے ساتھ جو حادثہ ہوا اس کو بھول نہیں سکتا، لیکن پاکستانی عوام میرے ساتھ ہیں اس بات پر سکون ملتا ہے، اسلام آباد پولیس سے ہمیشہ حوصلہ ملا، ہمیں بتایا گیا کہ ملزم کے خلاف مزید کیسز سامنے آئے ہیں، ملزم نے مانسہرہ میں بھی بچیوں سے پیسے لے رکھے تھے، میری جو رقم تھی وہ مجھے دے دی گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ لائبہ اعجاز کیس کا مرکزی زیرِ حراست ملزم نعمان تھانہ رمنا کی حدود میں ایک پولیس کارروائی کے دوران مارا گیا، ترجمان پولیس نے بتایا کہ رمنا پولیس کی ٹیم ملزم نعمان کو ریکوری اور دیگر ملزمان کی نشاندہی کے لیے لے جا رہی تھی کہ اس دوران 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 مسلح افراد نے ملزم کو چھڑوانے کیلئے پولیس پارٹی پر اچانک فائرنگ کردی۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم نعمان اپنے ہی مسلح ساتھیوں کی جانب سے کی جانے والی شدید فائرنگ کی زد میں آ کر شدید زخمی ہو گیا، پولیس اہلکاروں نے جوابی حکمت عملی اپناتے ہوئے علاقہ کا محاصرہ کیا اور زخمی ملزم کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گیا جب کہ فرار ہونے والے دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کی رہائشی لائبہ اعجاز نامی لڑکی سے مبینہ طور پر بیرون ملک ویزے کا جھانسہ دے کر 51 لاکھ روپے کی بھاری رقم ہتھیائی گئی تھی، جس کے بعد وہ شدید ذہنی دباؤ اور پریشانی کا شکار ہو گئی تھی، فراڈ اور رقم ڈوبنے کے صدمے سے دلبرداشتہ ہو کر لائبہ اعجاز نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی تھی، اس دلخراش واقعے پر سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی تھی، جس پر وفاقی وزراء اور اسلام آباد پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا اور رقم کا سراغ لگا کر اسے متاثرہ خاندان تک پہنچا دیا۔
