بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، رقم ملنے کا نیا اور آسان طریقہ سامنے آگیا

اسلام اآباد(قدرت روزنامہ)بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) میں رقم ملنے کا نیا اور آسان طریقہ سامنے آگیا، جس کے تحت اب پیسے نہیں کٹیں گے۔

ایڈیشنل سیکرٹری بی آئی ایس پی ڈاکٹر عصمت نواز کے مطابق بینیفشریز کو رقوم کی ادائیگی متعلقہ بینکوں کے مجاز ایجنٹس کے ذریعے جاری رہے گی کیونکہ ملک کے ہر علاقے میں بینک برانچز کی دستیابی ممکن نہیں۔

ڈاکٹر عصمت نواز نے مزید وضاحت کی کہ بینک بی آئی ایس پی کو جواب دہ ہیں جبکہ ایجنٹس اپنے متعلقہ بینکوں کے سامنے جواب دہ ہوتے ہیں، انٹر آپریبلٹی کے تحت اب بینیفشریز کسی بھی دن، کسی بھی وقت اور کسی بھی بینک سے اپنی رقم وصول کرنے کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

بینیفشریز کو کتنی رقم ملتی ہے؟
ایڈیشنل سیکرٹری بی آئی ایس پی نے بتایا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحق بینیفشریز کو ہر تین ماہ بعد 14 ہزار 500 روپے کی مالی امداد فراہم کی جاتی ہے جس کا مقصد کم آمدنی والے گھرانوں کو مالی سہارا دینا اور ان کی مشکلات میں کمی لانا ہے۔

ڈیجیٹل والٹ کیلیے اسمارٹ فون لازمی نہیں
انہوں نے واضح کیا کہ ‏ڈیجیٹل والٹ کے حوالے سے ایک اہم سہولت یہ ہے کہ اسے کھلوانے کیلیے اسمارٹ فون ہونا ضروری نہیں، بینیفشریز سادہ موبائل فون کے ذریعے بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا آغاز 2008 میں ہوا تھا اور وقت کے ساتھ اس کے نظام میں مختلف تبدیلیاں کی گئیں جبکہ ڈیجیٹل والٹ کا اجرا پروگرام کی حالیہ اہم تبدیلی ہے۔ سوشل پروٹیکشن والٹ خصوصی طور پر بی آئی ایس پی کی مستحق خواتین کیلیے مختص ہوگا۔

WhatsApp
Get Alert