سرکاری ملازمین کے لئے 90 روز کی مہلت! حکومت کا بڑا فیصلہ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین اور ان کے زیرکفالت افراد کی شہریت سے متعلق تفصیلات جمع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین اور ان کے زیرِ کفالت افراد کی غیر ملکی شہریت اور سفری دستاویزات سے متعلق سخت نئی ہدایات جاری کر دی۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ‘فارن نیشنلٹی رولز 2026’ پر مؤثر عمل درآمد کے لیے باضابطہ آفس میمورنڈم جاری کر دیا ہے۔

نئے قوانین کے تحت تمام متعلقہ سرکاری ملازمین کے لیے اپنی، اپنے اہلِ خانہ اور زیرِ کفالت افراد کی غیر ملکی شہریت، سفری دستاویزات کے ساتھ ساتھ غیر ملکی شہریوں سے شادی سے متعلق تفصیلات فراہم کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

تمام متعلقہ سرکاری ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 90 روز کے اندر غیر ملکی شہریت سے متعلق لازمی ڈیکلیئریشن جمع کرائیں۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے ڈکلیئریشن جمع کرانے کے لیے باضابطہ پرفارما بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

تمام وزارتوں اور ڈویژنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ماتحت افسران کا ریکارڈ اچھی طرح چیک کر کے فراہم کریں۔ افسران کے نام، عہدے، بنیادی پے اسکیل اور ان کی سفری دستاویزات کی حیثیت کی مکمل تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔

میمورنڈم میں واضح کیا گیا ہے کہ ضابطے کی سختی سے پیروی کی جائے گی ، مقررہ مدت میں ڈکلیئریشن جمع نہ کرانے یا غلط معلومات فراہم کرنے کو ’مس کنڈکٹ‘ تصور کیا جائے گا۔

قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے سول سرونٹس کے خلاف فوری طور پر سول سرونٹس ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن رولز 2020 کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق ان ہدایات کا اطلاق انتظامی کنٹرول میں آنے والے تمام افسران پر ہوگا، تاہم پی اے ایس (PAS)، پی ایس پی (PSP)، ایس جی (SG) اور او ایم جی (OMG) کے افسران اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔

WhatsApp
Get Alert