نواں کلی میں پیپلز پارٹی کا شمولیتی جلسہ: سردار نسیم خان بازئی سمیت متعدد قبائلی عمائدین کی شمولیت

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)حلقہ پی بی 36 نواں کلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام شمولیتی جلسے کا انعقاد کیا گیا، جس میں سردار نسیم خان بازئی سمیت متعدد قبائلی عمائدین اور دیگر شخصیات نے اپنے ساتھیوں سمیت صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔
شمولیت اختیار کرنے والوں میں سردار رشید خان کاکڑ شموزئی، قاری متین شموزئی، ملک آغا محمد کاکڑ، عبدالواسع کاکڑ، ہاشم خان میدادزئی، معاویہ ریحان مینگل، مدثر خان، مبشر خان بازئی، جمیل خان بازئی، ماسٹر نعیم حقن شموزئی، صمد خان لالا کلی میدادزئی، حیدر خان بیٹنی، قدیر خان بیٹنی، بصیر خان بیٹنی، حاجی خدائے داد اور ملک عارف کاسی سمیت دیگر شامل ہیں۔
شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے پارٹی میں شامل ہونے والے تمام افراد کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی میں نئے لوگوں کی شمولیت عوام کے اعتماد اور پارٹی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواں کلی، ہنہ اوڑک اور دیگر علاقوں کو ماضی میں سالوں سے نظرانداز کیا گیا، تاہم موجودہ حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2022 کے سیلاب کے دوران متاثرہ خاندانوں کے گھر تباہ ہوئے اور متاثرین کو طویل عرصے تک مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے ہنہ اوڑک روڈ جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی، جبکہ نواں کلی کی سڑک تعمیر ہو چکی ہے اور علاقے میں اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب کا کام بھی جاری ہے۔ نواں کلی کے تمام اسکولوں کو بھی شمسی توانائی پر منتقل کیا گیا ہے۔ حلقہ پی بی 36 میں تعلیم، صحت، کھیلوں کے میدانوں اور سڑکوں کی تعمیر سمیت مختلف شعبوں میں ترقیاتی اقدامات کیے گئے ہیں۔
صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور دشمن ممالک کو واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم دہشت گردی کے خلاف ہیں۔ یہ وطن ہے تو ہم ہیں، ملک کے دفاع کے لیے سب مل کر کھڑے ہیں۔ ہم پاکستان کے ساتھ پہلے بھی کھڑے تھے اور آئندہ بھی کھڑے رہیں گے، دشمن کبھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوگا۔
