نومبر کے وسط میں ہم اسلام آباد لانگ مارچ کریں گے، حافظ نعیم الرحمان


لاہور (قدرت روزنامہ) جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ نومبر کے وسط میں اسلام آباد کی طرف سپر لانگ مارچ کیا جائے گا اور اب اس مارچ کو کسی صورت ملتوی نہیں کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں جماعت اسلامی کے وفد کی طرف سے لیاقت بلوچ، سید فراست شاہ اور نصراللہ رندھاوا شامل تھے جبکہ اس ملاقات میں شریک ہونے والے حکومتی وفد میں اسحاق ڈار، محمد اورنگزیب، سینیٹر رانا ثناء اللہ اور بلال اظہر کیانی شامل تھے۔
ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے بتایا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کے لیے کمیٹی کو مزید وقت دیا جا رہا ہے، تاہم حکومت کو مارچ سے پہلے پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کا کوئی مؤثر نظام بنانا ہوگا، موجودہ ریلیف پیکیج سے عوام کو کوئی خاص فائدہ نہیں ہو رہا، اس لیے ریلیف کا دائرہ کار بڑھایا جانا چاہیئے۔
امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کا سارا بوجھ مڈل کلاس اور غریب عوام اٹھا رہے ہیں، اور یہ لیوی بھتہ ہر صورت ختم ہونا چاہیئے، حکومت کے ساتھ اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات پر ریلیف بڑھایا جائے گا، جہاں ہمارا مؤقف ہے کہ لیوی مکمل ختم کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی مؤقف ہے کہ مرحلہ وار ریلیف دیا جائے، حکومت نے اس معاملے پر مزید 7 سے 10 دن کا وقت مانگا ہے، لہٰذا حکومت ہمارا مارچ شروع ہونے سے پہلے جامع پیکج کا اعلان کرے، ملک بھر میں موبلائزیشن کا عمل جاری رہے گا اور اگر حکومت نے مقررہ وقت میں ریلیف نہ دیا تو نومبر کے وسط میں بھرپور سپر لانگ مارچ کیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert