فیس بک اورانسٹاگرام کی این ایف ٹی کی تیاری اور فروخت میں دلچسپی

پالو آلٹو، کیلیفورنیا(قدرت روزنامہ) انسٹاگرام اورفیس بک کی مرکزی تنظیم میٹا کےمتعلق معلوم ہوا ہے کہ وہ نہ صرف این ایف ٹی کو فروغ دینے کا منصوبہ بنارہی ہیں بلکہ وہ اس کی تیاری، نمائش(شوکیسنگ) اور خریدوفروخت کو بھی ممکن بنائیں گی۔
سب سے پہلے اس کی خبر فائنینشل ٹائمزنے دی ہےجس کے مطابق اگرچہ یہ ابتدائی اعلان ہے جس کے بعد خود میٹا اسے ترک بھی کرسکتی ہے۔ لیکن دعوے کے مطابق پہلے مرحلے پرانسٹاگرام کے صارفین اپنی پروفائل تصویر پر این ایف ٹی پوسٹ کرسکیں گے اور یوزر بھی نئے این ایف ٹی بناسکیں گے۔ اگلے مرحلے میں این ایف ٹی کی خریدوفروخت کی سہولیات مارکیٹ پلیس کی صورت میں دی جائیں گی۔
اس سے قبل دسمبر میں بھی انسٹاگرامر کے سربراہ نے کہا تھا کہ وہ اپنے پلیٹ فارم پر این ایف ٹی کو وسعت دینا چاہتے ہیں۔ اس کے بعد مارک زکربرگ نے کہا تھا کہ میٹاورس پر این ایف ٹی اور ڈجیٹل مصنوعات کی گنجائش پیدا کی جائے گی۔
گزشتہ برس ہم نے نان فنجیبل ٹوکن یا این ایف ٹی میں تیزی دیکھی اور لوگوں نے اس کی خریدوفروخت سے لاکھوں کروڑوں ڈالر بنائے ہیں۔ انسٹاگرام سے ایک ہفتے قبل ٹویٹر نے بھی این ایف ٹی کو بطورڈسپلے تصویر لگانے کا آپشن پیش کیا تھا ۔ شاید یہی وجہ ہے کہ میٹا نے اس جانب غور کیا ہے۔