سید اقرارالحسن کی درخواست ضمانت منظور، رہا کرنے کا حکم
کراچی کی سٹی کورٹ کی جانب سے عوام راج پارٹی کے سربراہ کی درخواستِ ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر 2 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا گیا

کراچی(قدرت روزنامہ)صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کی سٹی کورٹ نے عوام راج پارٹی کے سربراہ اور اینکر پرسن سید اقرار الحسن کی درخواستِ ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 2 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے اور پولیس کو انہیں فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
اطلاعات کے مطابق عوام راج پارٹی کے سربراہ اور سید اقرار الحسن کے خلاف ریاست مخالف مواد کی تشہیر کا مقدمہ درج تھا، ان کی جانب سے ان کے وکیل نے ضمانت کے لیے عدالت سے دوبارہ رجوع کیا، جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی گل ریز میمن کی عدالت میں مقدمے کی سماعت ہوئی۔
بتایا گیا ہے کہ سیکیورٹی خدشات اور انتظامی امور کو مدنظر رکھتے ہوئے اقرار الحسن کو سٹی کورٹ میں ذاتی طور پر لانے کے بجائے ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کیا گیا، عدالت نے دونوں جانب کے دلائل سننے کے بعد اقرار الحسن کی درخواستِ ضمانت منظور کر لی اور انہیں دو لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کے بعد فوری طور پر جیل سے رہا کرنے کا حکم جاری کیا۔
معلوم ہوا ہے کہ سید اقرار الحسن کو این سی سی آئی اے کی جانب سے لاہور میں واقع ان کی رہائش گاہ سے چھاپے کے دوران حراست میں لیا گیا تھا، جس کے بعد انہیں فوری طور پر کراچی منتقل کر دیا گیا تھا، ایجنسی اور پولیس کی جانب سے ان کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
تحقیقاتی اداروں کا الزام تھا کہ اقرار الحسن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ویڈیو کلپس اور پوسٹس کے ذریعے مبینہ طور پر جھوٹا اور من گھڑت مواد وائرل کیا، جس کا مقصد ریاستی اداروں، ان کے عہدیداروں اور سلامتی کے اداروں کے خلاف عوامی جذبات کو اشتعال دینا اور ریاستی سالمیت کو نقصان پہنچانا تھا۔
بتایا جارہا ہے کہ گرفتاری کے بعد انہیں متعدد بار جسمانی ریمانڈ کے لیے مقامی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جاتا رہا اور بعد ازاں سینٹرل جیل کراچی میں جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا گیا، اقرار الحسن کے وکیل بیرسٹر میاں علی اشفاق کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا تھا کہ ان کے موکل نے جس ویڈیو پر بات کی وہ پہلے سے ہی عوامی سطح پر زیرِ بحث تھی اور ان کے خلاف پیکا کے تحت کوئی جرم ثابت نہیں ہوتا، تاہم متعدد سماعتوں کے بعد بالآخر آج کراچی کی عدالت نے ان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم جاری کردیا۔
