آپ کے پاس جواب نہیں تھا تو وزیرِ داخلہ پر ذاتی حملہ کردیا، طلال چوہدری کی مولانا فضل الرحمان پر تنقید

آپ کو اس ریاست نے کیا کچھ نہیں دیا؟ پشاور میں آپ نے مین سڑک بند کی ہوئی ہے، ایک انصار الاسلام تنظیم بھی بنائی ہے، کیا مذہب کے نام پر اس غیر قانونی قبضے کو جاری رکھیں گے؟ وزیرمملکت داخلہ کا بیان


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی براہِ راست نگرانی میں تجاوزات اور غیر قانونی قبضوں کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری ہے اور اس معاملے میں زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے، چاہے غیر قانونی تعمیرات کے پیچھے کتنی ہی طاقتور سیاسی یا کاروباری شخصیت کیوں نہ ہو۔
اس حوالے سے جاری کیے جانے والے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی یعنی سی ڈی اے کی جانب سے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف نوٹسز دینے پر کل سے بلاوجہ کا سیاسی تماشہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے، نوٹس جاری کیا گیا تھا کہ وہ 15 دن کے اندر اندر غیر قانونی سیکیورٹی کیبن خود ہٹا لیں مگر جب انہوں نے قانون پر عمل درآمد نہ کیا تو انتظامیہ نے کارروائی کی، مولانا کا خیال تھا کہ چونکہ وہ وہاں رہائش پذیر ہیں اس لیے ان تجاوزات کو تحفظ ملنا چاہیے، یہ اقدام مکمل طور پر ناجائز اور غیر قانونی تھا۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کے تحت ایک فائیو سٹار ہوٹل کی غیر قانونی تعمیر کردہ دیوار کو مسمار کیا گیا ہے، پشاور میں بھی کاروباری شخصیات کی قائم کردہ غیر قانونی تجاوزات کا خاتمہ کیا جا رہا ہے، کیا سیاست، مذہب یا کسی تنظیم کے زور پر عمومی راستوں پر قبضہ کرنا جائز ہو سکتا ہے؟ ہمارے دینِ اسلام میں ہمیشہ عوام کے راستے کھولنے کی ترغیب دی گئی ہے، راستے بند کرنے کی نہیں، کیا کوئی شخص ایک اہم سڑک پر قبضہ کر کے اس پر اپنے والد کے نام کی بلڈنگ یا تختی لگا دے تو وہ قانونی بن جائے گا؟۔
وزیر مملکت نے سخت الفاظ میں کہا کہ بعض عناصر اپنی سیاسی طاقت کا استعمال کر کے غیر قانونی کاموں کو تحفظ دینے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں، پشاور میں جہاں غریبوں کے گھر اور دکانیں مسمار کی جا رہی ہیں، وہیں دوسری طرف اہم شاہراہوں پر قبضہ کرکے عوام کا راستہ روکا گیا ہے اور انصار الاسلام جیسی تنظیمیں بنائی گئی ہیں، کیا مذہب یا اپنے والد کا نام استعمال کر کے لوگوں کا راستہ روکنا دین اور قانون کی نظر میں مناسب ہے؟۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی پر بعض حلقوں کی جانب سے ذاتی حملے کیے گئے ہیں کیونکہ وہ ان کے آئینی اور قانونی مؤقف کا جواب نہیں دے سکتے، تاہم حکومت ان ذاتی حملوں کا جواب دینے کے بجائے قانون پر عمل درآمد کو یقینی بنائے گی، کچھ لوگ شہدا کی قربانیوں کا مذاق اڑاتے ہیں اور ان کے نام پر مختص پلاٹوں پر قابض ہیں، ریاست نے ماضی میں ایسے لوگوں کو بہت ڈھیل دی مگر اب ہر امیر اور طاقتور شخص کے خلاف یکساں کارروائی ہو رہی ہے، اگر کسی نے جذبات میں آ کر بیانات دیے ہیں تو بڑا آدمی وہی ہوتا ہے جو اپنی غلطی کا احساس کرے اور اسے تسلیم کرے۔

WhatsApp
Get Alert