سید ظہور شاہ ہاشمی بلوچی زبان و ادب کے عظیم ستون تھے، ان کے فکری ورثے کو عام کیا جائے: ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

بلوچی لبزانکی دیوان کے زیر اہتمام سیمینار و کثیراللسانی مشاعرہ، ادیبوں اور دانشوروں کا عظیم مفکر کو خراجِ تحسین


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)ممتاز بلوچی شاعر، ادیب اور دانشور سید ظہور شاہ ہاشمی کی زندگی، ادبی خدمات اور فکری ورثے کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی سیمینار اور کثیراللسانی مشاعرے کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا اہتمام بلوچی لبزانکی دیوان اور ڈائریکٹوریٹ کلچر اینڈ ٹورازم بلوچستان کے زیرِ اہتمام کیا گیا، جس میں ادیبوں، دانشوروں، شاعروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔تقریب کے آغاز میں بلوچی لبزانکی دیوان کے چیئرمین یار جان بادینی نے خطب استقبالیہ پیش کرتے ہوئے مہمانوں اور شرکا کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے سید ظہور شاہ ہاشمی کی تصانیف کے مطالعے اور ان کے افکار سے استفادہ کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان کے فلسفے اور ادبی ورثے کو زندہ رکھنے کے لیے ان کی تحریروں کو نئی نسل تک پہنچانا ضروری ہے۔سابق وزیراعلی بلوچستان اور تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے سید ظہور شاہ ہاشمی کو شاندار خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ بلوچی زبان کے عظیم ستون تھے، جنہوں نے بلوچی شاعری کو نئی بلندیوں تک پہنچایا اور اپنی پوری زندگی زبان و ادب کی خدمت کے لیے وقف کردی۔افتتاحی نشست سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری برائے توانائی میر اصغر بلوچ نے سید ظہور شاہ ہاشمی کو بلوچی زبان کا شیکسپیئر قرار دیا اور کہا کہ نوجوان نسل کو ان کے فکری ورثے اور فلسفے سے روشناس کرانے کے ساتھ اسے فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر عبدالخالق داد نے سیمینار میں شرکت کرنے والے مہمانوں اور شرکا کا شکریہ ادا کیا۔سیمینار کی علمی نشست میں مختلف دانشوروں اور مصنفین نے سید ظہور شاہ ہاشمی کی ادبی خدمات اور تصانیف کے مختلف پہلوں پر تحقیقی مقالے پیش کیے۔ مقررین نے ان کے ادبی کام کی اہمیت اور بلوچی زبان و ادب کے فروغ میں ان کے کردار کو اجاگر کیا۔تقریب کے دوسرے حصے میں کثیراللسانی مشاعرے کا اہتمام کیا گیا، جس میں بلوچی، براہوئی، پشتو اور فارسی زبانوں کے نامور شعرا نے اپنا کلام پیش کیا۔ اختتام پر سید ظہور شاہ اکیڈمی کی جانب سے میر اصغر بلوچ اور دیگر معززین نے مہمانوں اور شرکا میں یادگاری تحائف اور کتابیں تقسیم کیں، جن میں فکرِ نو کی مطبوعات بھی شامل تھیں۔

WhatsApp
Get Alert