مخصوص نشست پر الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار، آئینی عدالت نے جے یو آئی ف کی اپیل خارج کردی

پاکستان کی تاریخ کا یہ منفرد کیس ہے، جے یو آئی ف کہہ رہی ہے کہ صدف احسان ان کی امیدوار نہیں ہے، لیکن ہمیں کہا جارہا ہے نہیں یہی آپ کی جماعت کی امیدوار ہے؛ پارٹی کے وکیل سینیٹر کامران مرتضیٰ کا مؤقف


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی آئینی عدالت نے جمعیت علمائے اسلام ف کی مخصوص نشست کے تنازعہ سے متعلق دائر کردہ اپیل خارج کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھا ہے، اس سلسلے میں چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے مقدمے کی سماعت کی، عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد الیکشن کمیشن کے فیصلے کو درست قرار دیتے ہوئے جے یو آئی کی درخواست کو مسترد کردیا۔
اطلاعات کے مطابق مقدمے کی سماعت کے دوران جے یو آئی ف کے وکیل سینیٹر کامران مرتضیٰ نے عدالت کے روبرو مؤقف اپنایا کہ ان کی جماعت نے مخصوص نشستوں کے حصول کے لیے الیکشن کمیشن کو چار نام فراہم کیے تھے، الیکشن کمیشن کو یہ قانونی اختیار حاصل نہیں ہے کہ وہ مخصوص نشستوں کے لیے دی گئی فہرست میں خود سے کوئی تبدیلی کرے۔


انہوں نے اسے پاکستان کی انتخابی تاریخ کا ایک منفرد کیس قرار دیتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی یہ مؤقف مسلسل اختیار کر رہی ہے کہ صدف احسان نامی خاتون مخصوص نشست کیلئے ان کی امیدوار نہیں ہیں، اس کے باوجود انہیں یہ کہا جا رہا ہے کہ وہی ان کی جماعت کی امیدوار ہیں۔
جے یو آئی ف کے وکیل کا مزید کہنا تھا کہ اگر سیاسی جماعت کی طرف سے جمع کروائی گئی فہرست میں کوئی خامی یا غلطی موجود تھی تو الیکشن کمیشن کو چاہیئے تھا کہ وہ سیاسی جماعت سے اس کی درستگی کا مطالبہ کرتا، لیکن یکطرفہ طور پر فیصلے مسلط نہیں کیے جا سکتے، تاہم عدالت نے فریقین کا مؤقف سننے کے بعد جے یو آئی کی اپیل خارج کرنے کا فیصلہ سنا دیا۔
بتایا جارہا ہے کہ عام انتخابات کے بعد الیکشن کمیشن اور مختلف سیاسی جماعتوں کے مابین مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ پر قانونی و آئینی تنازعات پیدا ہوئے تھے، الیکشن کمیشن کی جانب سے فہرستوں میں ناموں کے انتخاب اور ردوبدل کے اختیارات پر سیاسی حلقوں اور جماعتوں کی طرف سے تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔
اسی طرح جے یو آئی ف کی جانب سے بھی الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کو چیلنج کیا گیا جس میں پارٹی کی ترجیحی فہرست اور ناموں سے ہٹ کر امیدوار کے تقرر کو چینلج کیا گیا تھا، جس میں الیکشن کمیشن نے صدف احسان نامی خاتون کو جے یو آئی ف کی مخصوص نشست پر نوٹیفائی کیا جن کے بارے میں جمعیت علماء اسلام ف کا مؤقف ہے کہ یہ خاتون ان کی ترجیحی فہرست کا حصہ نہیں تھیں۔

WhatsApp
Get Alert