نا چھیڑ ملنگاں نوں! اگر میرے گھر کے اندر جھانکو گے تو اُس آنکھ کو نیزے سے پھوڑ دیا جائےگا، مولانا فضل الرحمان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) سربراہ جے یوآئی ف مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ نہ چھیڑ ملنگاں نوں! اگر میرے گھر کے اندر جھانکو گے تو اُس آنکھ کو نیزے سے پھوڑ دیا جائے گا، شریعت میں ایسی آنکھ کو پھوڑنے کا کوئی قصاص نہیں، نواز شریف کو کرپشن پر10 سال ملک سے باہر رکھا، آصف زرداری کو8 سال جیل میں رکھا لیکن آج وہ حکمران ہیں، ان کی کوئی اقدار نہیں ہے۔
وہ اسلام آباد میں طلباء کنونشن سے خطاب کررہے تھے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ نہ چھیڑ ملنگاں نوں ! یہ ہمیں اشتعال دلانا چاہتے ہیں، ہم مشتعل نہیں ہونگے۔ لیکن ایک حد ہوتی ہے، اگر میرے گھر کے اندر جھانکو گے تو پھر اُس آنکھ کو نیزے سے پھوڑ دیا جائے گا۔ شریعت میں اگر کوئی آپکے گھر کے اندر جھانکتا ہے تو اس کی آنکھ پھوڑنے کا کوئی قصاص نہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ نواز شریف کو آپ نے دس سال ملک سے باہر رکھا ، کرپشن کے الزام میں ، آج وہ حکمران ہے ۔ آصف زرداری کو آٹھ سال جیل میں رکھا ، کہا کہ کرپٹ ہے، آج وہ صدر ہے ۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آج آپ کو اندازہ لگتا ہوگا کہ دھاندلی کرنے والے اور دھاندلی کے ذریعے اقتدار میں لانے والے کس کیٹیگری کے لوگ ہیں، ان کا کوئی اقدار نہیں ہے، یہ خود اپنی ذات میں عزت والے نہیں ہیں، یہ طاقت کے بل بوتے پر رویوں کا تعین کرتے ہیں، اخلاق کی بنیاد پر نہیں کرتے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ صوبوں کے محصولات کا 18ویں ترمیم میں لکھا گیا تھا کہ بڑھ سکتے ہیں کم نہیں ہوسکتے۔ جب صوبوں کے محصولات بڑھ گئے تو ان کو تکلیف ہونے لگی۔ ایک اس پر نظر ہے اور ایک معدنیات پر نظر ہے، لوگوں کے سامنے کہا کہ ہم دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ کو 2010 سے لڑ رہے ہو۔
مرض بڑھتا گیا جوں جوں دوا کی ۔
تم لڑ رہے ہو ، دہشت گردی بڑھتی جا رہی ہے ۔ پہلے فاٹا کے علاقوں میں ہوتی تھی ، اب یہ ڈیرہ اسماعیل خان اور لکی مروت تک آ گئی ہے۔ بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان تک آ گئی ہے۔ اب اس کو بھی ذرا دیکھیں کہ یہ دہشت گردی آگے بڑھی ہے یا بڑھائی گئی ہے؟ بلوچستان اور کے پی میں یہ حالات پہلے کیوں نہیں تھے آج کیوں ہیں؟ ریاست اتنی کمزور کیوں ہے؟ کہ دہشتگرد آگے بڑھ رہا ہے اور تم پیچھے آرہے ہو۔
دنیا چاہتی ہے ہم چین کا راستہ کا روک لیں، امریکا چاہتا ہے کہ ہم قبائلی پہاڑوں میں سرمایہ کاری کریں، امریکا کے اوول ہاؤس میں صدر ٹرمپ کو معدنیات کے نمونے میں نے پیش کئے تھے؟ نمونے تم نے پیش کئے ، تمہارا معاملہ ہے، ہم سرمایہ کاری کے خلاف نہیں ، یہ بھی غلط ہے کہ چین کی سرمایہ کاری کا راستہ روکا جائے۔

WhatsApp
Get Alert