کئی برس تک علیحدگی کی افواہوں کے بعد ایشوریا اور ابھیشیک کا رومانوی انداز، ویڈیو وائرل
جوڑے کی کم مشترکہ عوامی تقریبات کے باعث ماضی میں علیحدگی کی قیاس آرائیاں سامنے آتی رہی ہیں

ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کی معروف جوڑی ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن نے طویل عرصے بعد ایک ساتھ عوامی تقریب میں شرکت کر کے ازدواجی تعلقات میں کشیدگی کی افواہوں کو ایک بار پھر توجہ کا مرکز بنا دیا۔
دونوں ممبئی میں معروف فیشن ڈیزائنر منیش ملہوترا کی دیوالی پارٹی میں ایک ساتھ شریک ہوئے جہاں ان کے رومانوی انداز نے مداحوں کی توجہ حاصل کر لی۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں ایشوریا رائے سرخ روایتی لباس جبکہ ابھیشیک بچن سیاہ کُرتے میں نظر آئے۔
فوٹوگرافرز کے سامنے تصاویر بنواتے ہوئے دونوں نے ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے رکھا جبکہ ایشوریا نے محبت بھرے انداز میں اپنا سر ابھیشیک کے سینے پر رکھ دیا۔



ان رومانوی لمحات کو مداحوں کی جانب سے ان کی علیحدگی سے متعلق افواہوں کے جواب کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ جوڑے کی کم مشترکہ عوامی تقریبات کے باعث ماضی میں علیحدگی کی قیاس آرائیاں سامنے آتی رہی ہیں، جنہیں ابھیشیک بچن پہلے ہی مسترد کر چکے ہیں۔
