مرتضیٰ وہاب جعلی اور قبضہ مئیر ہیں، پیپلزپارٹی کا پورا نظام ایک فراڈ ہے، حافظ نعیم

ہمارے دوست ہمارے کاموں سے ہریشان ہیں اور روزانہ پوچھ رہے ہیں کہ کام کیسے کررہے ہو، امیر جماعت اسلامی


کراچی(قدرت روزنامہ)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ کراچی کے مئیر مرتضیٰ وہاب جعلی اور قبضہ مئیر ہیں، پیپلزپارٹی کا پورا نظام ایک فراڈ نظام ہے۔
کراچی کے علاقے ناظم آباد میں سرکاری اسکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ہم نے کہا تھا ہم اختیار کیلئے لڑیں گے اور فائل پھینک کر نہیں جائیں گے، ہمارے دوست ہمارے کاموں سے ہریشان ہیں اور روزانہ پوچھ رہے ہیں کہ کام کیسے کررہے ہو؟۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ یہاں سرکاری اسکول کا کانسیپٹ ہی تبدیل کردیا گیا ہے، لوگ مجبور ہو کر نجی اسکولوں کی جانب جاتے ہیں، نجی اسکولوں میں بھی درجہ بندی ہے، چند فیصد لوگوں کو سہولت حاصل ہے کہ مہنگی فیس دے کر اچھی تعلیم لیں جبکہ مڈل کلاس طبقہ پس گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اسکولز کو بہتر کرنے کا وعدہ کیا تھا، پوری آبادی میں یہ اسکول اب پرائیوٹ اسکولز کو شکست دے گا، مقابلہ معیاری تعلیم اور سہولتوں کا ہونا چاہئے، ڈاکٹر عبدالقدیر خان جیسے لوگ ان سرکاری اسکولوں سے نکلے مگر حکمرانوں نے ان سرکاری اسکولز کو کھنڈر بنا دیا۔
حافظ نعیم نے کہا کہ شہریوں کو اچھی تعلیم دینا حکومت کا کام ہوتا ہے، حکومت 130 روپے تک پٹرول میں فی لیٹر ٹیکس لے رہی ہے، ٹیکس لیا جاتا ہے لیکن ہمیں سہولیات نہیں دی جاتیں، ریاست اگر ذمہ داری پوری نہیں کررہی تو قوم کے ساتھ جرم کررہی ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ نعمت اللہ خان کے دور میں پہلے سرکاری اسکول بلدیہ کے ماتحت ہوتے تھے، پھر آہستہ آہستہ یہ اسکولز برباد ہوتے چلے گئے، چالیس سال سے دو جماعتیں یہاں اقتدار میں رہیں اور یہاں بچے درخت کے نیچے پڑھنے لگے تھے، جب ہم نے احتجاج کیا تو اسکولز پھر ٹاونز کو واپس ملے، ہمارے پاس ٹاونز کا نظام آیا تو جماعت اسلامی نے کھنڈر بنی سڑکوں کو صاف ستھرا کیا۔

WhatsApp
Get Alert