حکومتی وفد اور قلعہ عبداللہ دھرنا کمیٹی کے درمیان مذاکرات کامیاب، دھرنا ختم، شاہراہ کھول دی گئی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو کی سربراہی میں حکومتی وفد اور قلعہ عبداللہ دھرنا کمیٹی کے درمیان طویل مذاکرات کامیاب ہوگئے، جس کے بعد حکومتی یقین دہانی پر تنگ مسےزئی کے مقام پر جاری دھرنا ختم کردیا گیا اور احتجاج کے باعث بند شاہراہ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔

صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو اور صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے دھرنا کمیٹی کے نمائندوں سے مذاکرات کیے، جن میں کمیٹی کے مطالبات پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی گئی۔ حکومتی وفد میں رکن صوبائی اسمبلی زمرک خان اچکزئی اور معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی بھی شامل تھے۔
مذاکرات میں پیش رفت اور مغوی حیدر کاکڑ کی بازیابی کے بعد دھرنا کمیٹی کے منتظمین نے احتجاج ختم کرنے کا باضابطہ اعلان کیا۔ حیدر کاکڑ کو بازیاب کرا لیا گیا ہے، جس کے بعد دھرنے کے شرکاء منتشر ہوگئے اور شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت بحال کردی گئی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ احتجاج کرنا جمہوری معاشرے میں ہر شہری کا حق ہے اور حکومت عوام کے جائز مطالبات سننے اور ان کے حل کے لیے اقدامات کرنے پر یقین رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دھرنا کمیٹی کے مطالبات پر عملدرآمد کے لیے متعلقہ انتظامیہ کو ضروری ہدایات جاری کردی گئی ہیں اور حکومتی وفد کی جانب سے کی گئی یقین دہانیوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام طبقات کو متحد ہوکر سکیورٹی فورسز کا ساتھ دینا ہوگا۔ امن و امان کا قیام کسی ایک ادارے یا حکومت کی نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

صوبائی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اور صوبے میں پائیدار امن کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ حکومت عوام کے تحفظ، امن و امان کی بہتری اور مسائل کے حل کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے گی۔

WhatsApp
Get Alert