ایف ڈبلیو او کی کارکردگی اچھی، وزیراعلیٰ بلوچستان کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، صوبائی وزیر

تربت (قدرت روزنامہ) صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور احمد بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت تعلیم، صحت، نوجوانوں کے روزگار، زراعت اور انفراسٹرکچر کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ صوبے میں ساڑھے 14 ہزار اساتذہ بھرتی کیے گئے ہیں، جبکہ 30 ہزار نوجوانوں کو فنی تربیت فراہم کر کے بیرون ملک روزگار کے لیے بھیجنے کا منصوبہ ہے۔ تربت پریس کلب کے پروگرام ”گند ونند“ سے خطاب کرتے ہوئے میر ظہور احمد بلیدی نے کہا کہ اسکولوں میں کیمسٹری، فزکس، بائیولوجی اور انگریزی کے سبجیکٹ اسپیشلسٹ تعینات کیے جا رہے ہیں تاکہ تعلیمی معیار میں بہتری لائی جا سکے۔ صحت کے شعبے میں بھی اصلاحات اور بہتری کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 16 ارب روپے کا یوتھ پروگرام شروع کیا گیا ہے، جس کے تحت چھوٹے کاروبار کے لیے قرضوں، فنی تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ زراعت کی ترقی، سڑکوں کی تعمیر اور دیگر شعبوں میں بھی ترقیاتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ میر ظہور احمد بلیدی نے کہا کہ ان کے حلقہ انتخاب میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبوں پر کام آخری مراحل میں ہے۔ کیچ میں گرین بس سروس کا آغاز بھی ان کی کوششوں سے ممکن ہوا، جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں اور اس سہولت سے بالخصوص غریب اور متوسط طبقے کو آمدورفت میں آسانی حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے کیچ میں کیتھ لیب کے منصوبے کی منظوری دی ہے، جبکہ دیہی علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ماڈل ولیج کا تصور بھی متعارف کرایا گیا ہے۔ بلوچستان کی مجموعی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ایک بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا
ہے۔ ایف ڈبلیو او کی کارکردگی سے متعلق انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں مجموعی طور پر ادارے کی کارکردگی اچھی رہی ہے۔ این 85 شاہراہ کی تکمیل کے دوران 39 افراد نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جن کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی بعض قوم پرست جماعتوں نے ماضی میں بھی صوبے کے بڑے ترقیاتی منصوبوں کو مثبت انداز میں نہیں لیا۔ حب انڈسٹریل زون، سی پیک، گوادر پورٹ، گیشکور ڈیم اور ساؤتھ بلوچستان پیکیج سمیت مختلف منصوبوں پر عمل درآمد کے موقع پر منفی پروپیگنڈا کر کے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی، حالانکہ یہ منصوبے بلوچستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے ساؤتھ بلوچستان پیکیج کو بھی ایک اہم ترقیاتی اقدام قرار دیا۔ اس موقع پر تربت پریس کلب کے صدر حافظ صلاح الدین سلفی نے خطاب کرتے ہوئے پریس کلب کے لیے 20 لاکھ روپے کی ریگولر گرانٹ جاری کرانے پر میر ظہور احمد بلیدی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ تربت پریس کلب کی ضروریات کے پیش نظر ریگولر گرانٹ 20 لاکھ روپے سے بڑھا کر 50 لاکھ روپے کرانے اور صحافیوں کے لیے جرنلسٹس ہاؤسنگ اسکیم کی منظوری دلانے میں بھی تعاون کیا جائے۔
