حکومت کی نااہلی سے ریڈ زون بھی غیر محفوظ ہو چکا، بدامنی اور ناکامیوں کیخلاف 19 نومبر کو بلوچستان بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال ہوگی: اصغر خان اچکزئی

تمام سیاسی جماعتیں عوامی مسائل پر احتجاجی تحریک کیلئے متحد ہیں، دہشت گردی اور لاقانونیت کے خلاف مشترکہ جدوجہد جاری رہے گی: آل پارٹیز کانفرنس کے بعد میڈیا سے گفتگو


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی نااہلی اور کمزور حکمرانی کے باعث بلوچستان بدترین بدامنی، انتہاپسندی اور دہشت گردی کی لپیٹ میں آچکا ہے، صوبے میں حکومتی رٹ اس حد تک ختم ہوچکی ہے کہ ریڈ زون بھی اس سے محفوظ نہیں رہا‘ تمام سیاسی جماعتیں موجودہ صورتحال پر متفق ہیں اور حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کے لیے میدان میں نکلیں گی، 19 نومبر کو کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی‘ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پارٹیز کانفرنس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا‘ اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ بلوچستان کے طول و عرض میں دہشت گردی اور انتہاپسندی کے واقعات میں اضافہ تشویشناک ہے، صوبے کے عوام عدم تحفظ اور خوف کی فضا میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، جبکہ حکومت امن و امان کی صورتحال پر قابو پانے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے انہوں نے کہا کہ صوبے میں حکومتی رٹ کا کمزور ہونا اور ریڈ زون جیسے حساس علاقے میں بھی امن و امان سے متعلق سوالات پیدا ہونا حکومتی کارکردگی پر سنگین سوالیہ نشان ہے۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، مگر موجودہ حالات میں شہری خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں شریک تمام سیاسی جماعتوں نے بلوچستان کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ عوامی مسائل، بدامنی اور حکومتی ناکامیوں کے خلاف مشترکہ احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ 19 نومبر کو کوئٹہ سمیت صوبے کے تمام علاقوں میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی تاکہ عوامی آواز حکمرانوں تک پہنچائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام امن، تحفظ اور بنیادی حقوق چاہتے ہیں، تمام سیاسی جماعتیں عوام کے مسائل کے حل اور صوبے میں امن و امان کی بحالی کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھیں گی۔

WhatsApp
Get Alert