گیس ناپید مگر لاکھوں روپے کے بل جاری، سوئی سدرن کی نااہلی کا خمیازہ غریب شہری بھگت رہے ہیںوسائل سے مالامال صوبے کے عوام لکڑیاں جلانے پر مجبور ہیں، وزیر اعلیٰ بلوچستان غیر منصفانہ بلنگ اور گیس بندش کا فوری نوٹس لیں : روزینہ خلجی


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) سماجی کارکن روزینہ خلجی نے شہریوں کو گیس کمپنی کی جانب سے گیس کی عدم فراہمی کے باوجود بھاری بل بھیجنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہاں سے گیس نکلتی ہے پہلا حق وہاں کے لوگوں کا ہے اس کے بعد صوبے کے لوگوں کو گیس کی فراہمی یقینی بناکر بھیجے گئے بھاری بلوں کو صحیح کرکے لوگوں کو بھیجا جائے یہ بات انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ گیس انتظامیہ کی نا اہلی اور غلطیوں کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑرہا ہے ہزاروں اور لاکھوں روپے کے بل بھیجے جارہے ہیں صارفین دفتروں کے چکر لگارہے ہیں تاکہ بلوں کی درستگی ہوسکے لیکن کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے۔ غریب اور مزدور طبقہ دو وقت کی روٹی پوری نہیں کرسکتے وہ ہزاروں روپے کے بل ادا کرنے سے قاصر ہیں۔جبکہ گیس کی فراہمی نہ ہونے اور بندش سے بچے اور بزرگ، شہری بیمار جبکہ خواتین کو امور خانہ داری میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے گیس سے وی آئی پی ایریا میں لوگ مستفید ہورہے ہیں لیکن شہر اور صوبے کے دیگر سرد علاقوں میں لوگ اس سہولت سے محروم ہیں۔ جہاں سے گیس نکلتی ہے وہاں کے مکین اور عورتیں لکڑیاں استعمال کرکے اپنا گزر بسر کرتے ہیں جس سے کمپنی کی شہریوں کو گیس کی فراہمی کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔ جہاں سے گیس نکلی ہے وہاں کے مکین اور اس کے بعد بلوچستان کے لوگ اس قدرتی نعمت سے محروم ہیں کمپنی گیس کی عدم فراہمی اور طویل لوڈ شیڈنگ کے باوجود شہریوں کو ہزاروں روپے پر محیط بل بھیج رہی ہے جس کی وجہ سے شہری شدید ذہنی کوفت میں مبتلا ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہریوں کو ان کے استعمال کردہ یونٹ کے مطابق بل بھیجے جائیں اور گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ ہم وزیر اعلیٰ بلوچستان اور دیگر حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ گیس کی فراہمی یقینی بناکر بلوں کی تصحیح کو یقینی بنایا جائے۔

WhatsApp
Get Alert