پاکستان میں 20 سال بعد سمندر میں تیل اور گیس کی تلاش کیلئے سرگرمیاں بحال کرنے کا فیصلہ

ترک پیٹرولیم کمپنی کا سیسمک سروے جہاز 17 سے 20 نومبر کے درمیان کراچی پہنچے گا، مکہ معاہدے کے بعد دوطرفہ تعاون ایک اہم سنگِ میل ہے، وفاقی وزیر علی پرویز ملک کا ترک جہاز کی آمد پر خود استقبال کرنے کا عندیہ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان میں 20 سال بعد سمندر میں تیل اور گیس کی تلاش کیلئے سرگرمیاں بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، جس کے حوالے سے ترک پیٹرولیم کمپنی کا سیسمک سروے جہاز 17 سے 20 نومبر کے درمیان کراچی پہنچے گا، وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے ترک جہاز کی آمد پر خود استقبال کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ مکہ معاہدے کے بعد دوطرفہ تعاون ایک اہم سنگِ میل ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت ترک سروے جہاز کی آمد کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں جہاز کی کراچی آمد، سکیورٹی، سمندری راستوں اور دیگر عملی انتظامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران وفاقی وزیر پٹرولیم نے ترک جہاز کی کراچی آمد پر ذاتی طور پر اس کا استقبال کرنے کا عندیہ دیا۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ یہ پیش رفت پاکستان اور ترکیہ کی دیرینہ دوستی اور مکہ معاہدے کے بعد دوطرفہ تعاون کے حوالے سے ایک اہم سنگِ میل ہے۔علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان سمندر میں تیل اور گیس کی تلاش کے منصوبے میں ترکیہ کو مکمل معاونت فراہم کرے گا۔ یہ منصوبہ نہ صرف پاکستان کی توانائی سلامتی کو مضبوط بنانے میں مدد دے گا بلکہ ترکیہ کے ساتھ دوطرفہ توانائی تعاون کو بھی نئی وسعت دے گا۔
وفاقی وزیر پٹرولیم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ مل کر ایسی تاریخی کامیابی حاصل کریں گے جسے آنے والی نسلوں تک یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آف شور تیل و گیس کی تلاش کے منصوبے کو کامیاب بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل اور ادارہ جاتی تعاون بروئے کار لایا جائے گا۔اجلاس میں ترک پیٹرولیم کمپنی کے منصوبے کے منتظم نے پاکستانی حکام کی جانب سے فراہم کیے جانے والے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی کہ ترک جہاز کی آمد اور سمندر میں تلاش کی سرگرمیوں کے آغاز کے لیے قریبی رابطہ کاری اور مؤثر انتظامات یقینی بنائے جائیں۔
ترک سیسمک سروے جہاز کی آمد کو پاکستان میں طویل وقفے کے بعد سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کی سرگرمیوں کی بحالی کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کے ذریعے سمندر کی تہہ میں ممکنہ تیل و گیس کے ذخائر کے بارے میں سائنسی معلومات حاصل کرنے میں مدد ملے گی، تاہم تجارتی ذخائر کی موجودگی کا تعین سروے اور بعد کے تحقیقی مراحل سے ہوگا۔

WhatsApp
Get Alert