بہت نقصان ہوچکا، مزید نہ کیا جائے، زخموں پر مرہم رکھنے کیلئے پہل ہمیشہ سرکار کرتی ہے، سعد رفیق
ہر طاقت فانی ہے، قبولیت ہو یا مقبولیت سب عارضی ہے، آنے والے خود تو ایک دن چلے جاتے ہیں لیکن قومی وحدت پر لگے زخم دہائیوں تک رِستے رِستے زہریلے ہوجاتے ہیں؛ سابق وفاقی وزیر کا بیان

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماء اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے ملک اور خطے میں مسائل کو حل کرنے کیلئے محض طاقت کے استعمال کی پالیسی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور تمام فریقین سے مفاہمت اور گفت و شنید کا راستے اختیار کرنے کی اپیل کردی، انہوں نے واضح کیا ہے کہ عوامی مسائل، مطالبات اور احتجاجوں کو بات چیت کی بجائے طاقت کے ذریعے دبانے کی سوچ قوم کو ہمیشہ بے حد مہنگی پڑی ہے۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ اپنے بیان میں خواجہ سعد رفیق نے اقتدار اور طاقت کی حقیقت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ہر کسی کو یہ بات ذہن نشین رکھنی چاہیئے کہ ہر طاقت فانی ہے جب کہ سیاسی قبولیت ہو یا مقبولیت یہ سب عارضی چیزیں ہیں، حکومتیں اور اقتدار میں آنے والے افراد اپنے طے شدہ وقت کے بعد چلے جاتے ہیں، لیکن جو فیصلے وہ اس دوران کرتے ہیں ان کے اثرات ملک کے مستقبل پر گہرے اور دیرپا ہوتے ہیں۔
آواز ِ دروں —•—
مسائل ، مطالبات اور احتجاجوں کو گفت و شنید کی بجاۓ محض طاقت کا استعمال کر کے حل کرنیکی سوچ قوم کو ھمیشہ مہنگی پڑی ھے
یاد رکھا جاۓ کہ ھر طاقت فانی ھے ، قبولیت ھو یا مقبولیت ، سب عارضی ھے
آنیوالے خود تو ایک دن چلے جاتے ھیں لیکن قومی وحدت پر لگے زخم دھائیوں تک رِستے رِستے زھرآلود ھو جاتے ھیں ،
ریاست کا ھر فرد ، ھر محافظ اپنے جان و مال سے اسکی قیمت مدتوں ادا کرتا رھتا ھے ۔۔۔ھتھیار سرکار اٹھاۓ یا احتجاج کرنیوالے ، اسکی حمایت نہیں کی جا سکتی ، یہ عمل زخموں کو چرکے بنا رھا ھے
کشمیر میں طاقت کا استعمال نا عاقبت اندیشی کے سوا کچھ نہیں ،
زخموں پر مرھم رکھنے کیلئے پہل ھمیشہ سرکار کرتی ھے ،
آگے بڑھیں ، بہت نقصان ھو چکا ، مزید نہ کیا جاۓ !!— Khawaja Saad Rafique (@KhSaad_Rafique) November 6, 2026
سابق وفاقی وزیر نے خبردار کیا کہ طاقت کا غلط استعمال اور غیر سیاسی رویے قومی وحدت کے جسم پر ایسے زخم لگاتے ہیں جو دہائیوں تک رِستے رہتے ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ زہر آلود ہو جاتے ہیں، سیاسی یا انتظامی نا عاقبت اندیشی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے مسائل اور خرابیوں کی قیمت ریاست کا ہر فرد اور ہر محافظ مدتوں اپنے جان و مال کی صورت میں ادا کرتا رہتا ہے۔
انہوں نے ہتھیاروں کے استعمال اور پرتشدد راستے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تشدد کا راستہ چاہیں سرکار اپنائے یا پھر احتجاج کرنے والے فریقین، اس کی کسی صورت حمایت نہیں کی جا سکتی، ہتھیار اٹھانے یا تصادم کی پالیسی پر عمل پیرا ہونے سے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ یہ عمل پہلے سے موجود سیاسی اور سماجی زخموں کو مزید چرکے لگا کر گہرا کر رہا ہے، کشمیر میں طاقت کا استعمال نا عاقبت اندیشی اور حکمتِ عملی سے محرومی کے سوا کچھ نہیں ہے۔
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماء کا کہنا ہے کہ طاقت کا متواتر استعمال مسئلے کا پائیدار حل ثابت نہیں ہو سکتا، اس لیے وہاں کے عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے کی اشد ضرورت ہے، قوم کے زخموں پر مرہم رکھنے اور کشیدگی کو کم کرنے کے لیے پہل ہمیشہ سرکار ہی کو کرنا ہوتی ہے، حکومت آگے بڑھے اور کشیدگی کو ختم کرے، ملک اور عوام کا پہلے ہی بہت زیادہ نقصان ہو چکا لہٰذا اب مزید نقصان نہ کیا جائے اور گفت و شنید کے ذریعے مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے۔
