اصغر خان اچکزئی اپنی مردہ سیاسی ساکھ بحال کرنے کے لیے بیانات دے رہے ہیں، بابر یوسفزئی

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)معاون برائے داخلہ حکومت بلوچستان بابر یوسفزئی نے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما اصغر خان اچکزئی کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی مردہ سیاسی ساکھ کو دوبارہ زندہ کرنے کے لیے اس طرح کے بیانات دے رہے ہیں۔ انہیں یہ بات نہیں بھولنی چاہیے کہ عوامی نیشنل پارٹی خود صوبائی حکومت کی اتحادی جماعت ہے۔
بابر یوسفزئی نے کہا کہ الحمدللہ بلوچستان کے ایک ایک انچ پر صوبائی حکومت کی رٹ برقرار ہے۔ ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے روزانہ کی بنیاد پر قربانیاں دے رہے ہیں اور صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے دن رات مصروفِ عمل ہیں۔ دہشت گرد عناصر کا بھرپور محاسبہ کیا جا رہا ہے اور کسی بھی شرپسند یا دہشت گرد کو بلوچستان کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد، سیاسی مشاورت اور اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہیں، تاہم ایسے فورمز کو محض صوبائی حکومت اور سیکیورٹی اداروں پر بے بنیاد تنقید کے لیے استعمال کرنا بچگانہ سیاست ہے۔ بلوچستان کے حساس حالات سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہیں بلکہ سنجیدگی، اتحاد اور مشترکہ ذمہ داری کے متقاضی ہیں۔
معاون برائے داخلہ نے کہا کہ صوبائی حکومت اپنی آئینی اور انتظامی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں حکومت امن و امان کی بحالی، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور صوبے کی ترقی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
بابر یوسفزئی نے واضح کیا کہ بلوچستان میں امن کے قیام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن صوبے کا امن، عوام کا تحفظ اور ریاست کی رٹ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت دہشت گردی کے خاتمے، امن و امان کی بحالی اور عوام کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ سیکیورٹی فورسز، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دی جائیں گی۔
