وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے تحت سبسڈی سے انکار کرنے والے پیٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کرنے کا حکم
15.5 ملین سے زائد شہریوں کی اسکیم میں رجسٹریشن، 63.15 ملین فیول ٹوکنز میں سے 59.44 ملین استعمال، 4 نومبر 2026 تک 28.6 ارب روپے کی سبسڈی تقسیم، مستحق شہریوں کو ریلیف کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم فیول ریلیف پروگرام کے تحت رجسٹرڈ مستحق شہریوں کو پیٹرولیم سبسڈی کی سہولت فراہم نہ کرنے والے پیٹرول پمپس کے لائسنس معطل یا منسوخ کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت وزیراعظم فیول ریلیف پروگرام کے اہم جائزہ اجلاس میں اسکیم کی پیش رفت اور شفافیت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے واضح کیا کہ مستحق اور رجسٹرڈ شہریوں کو فیول ریلیف اور سبسڈی کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ اہل مستحقین کو سبسڈی کی سہولت دینے سے انکار کرنے والے پیٹرول پمپس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ان کے لائسنس معطل یا منسوخ کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن اور سبسڈی کی آسان اور سہل سہولت سے عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچا ہے۔ ٹیکنالوجی پر مبنی یہ شفاف اقدام مستقبل میں عوامی فلاح و بہبود کے حوالے سے گیم چینجر ثابت ہوگا۔
اجلاس کے دوران حکام نے وزیراعظم کو پروگرام کی پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک مجموعی طور پر 15,519,282 شہری اسکیم کے تحت رجسٹرڈ ہوچکے ہیں۔
رجسٹرڈ افراد میں 15.06 ملین سے زائد موٹر سائیکل مالکان جبکہ 800 سی سی تک انجن کی گنجائش رکھنے والی گاڑیوں کے 449,800 مالکان شامل ہیں۔
حکام نے اجلاس کو مزید بتایا کہ پروگرام کے تحت جاری کیے گئے 63.15 ملین فیول ٹوکنز میں سے 59.44 ملین ٹوکنز استعمال کیے جا چکے ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ 4 نومبر 2026 تک فیول سبسڈی پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 28.6 ارب روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
اس موقع پر شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ صارفین اور پیٹرول پمپس کی رہنمائی اور شکایات کے فوری ازالے کے لیے الگ الگ کال سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں، تاکہ پروگرام سے مستفید ہونے والے شہریوں اور پیٹرول پمپ مالکان کو بروقت معلومات اور سہولیات فراہم کی جاسکیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مانیٹرنگ ڈیش بورڈ کی بروقت تیاری پر وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ اور آئی ٹی سیکریٹری کی کارکردگی کو خصوصی طور پر سراہا۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ فیول ریلیف پروگرام پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور مستحق شہریوں کو بلا امتیاز سبسڈی کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہ کی جائے۔
