’ویگو ڈالے‘ کے ذریعے سرمایہ کاری نہیں کروائی جا سکتی، اسد عمر

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے سابق مرکزی رہنماء اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے ملک میں سیاسی عدم استحکام، سکیورٹی کی ابتر صورتحال اور معاشی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے موجودہ گورننس کے ماڈل پر شدید تنقید کی ہے، انہوں نے ملک میں سرمایہ کاری کی عدم موجودگی، سیاسی تنازعات اور سکیورٹی چیلنجز پر حکمران طبقے اور مقتدر حلقوں کی پالیسیوں کو ہدفِ تنقید بنایا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں اسد عمر نے ملک میں بڑھتے ہوئے سکیورٹی مسائل اور سیاسی کشیدگی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت دنیا میں دہشت گردی کے سب سے زیادہ واقعات پاکستان میں رونما ہو رہے ہیں، صوبے میں ایمرجنسی اور گورنر راج لگا ہوا ہے، خیبر پختونخواہ کے وزیراعلیٰ اور اسپیکر اسمبلی اچانک غائب اور منظرِ عام سے اوجھل ہیں۔

آزاد کشمیر کی سیاسی اور امن و امان کی صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے نشاندہی کی کہ مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راولاکوٹ میں مزید خون خرابا روکنے اور وقت ہاتھ سے نکلنے سے پہلے حالات کو سنبھالنے کی دہائیاں دے رہے ہیں، وزیر دفاع خواجہ آصف دعویٰ کر رہے ہیں کہ ن لیگ حکومت کو ختم کرنے کی سازشیں ہو رہی ہیں، بلاول بھٹو زرداری یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ اگر ہم یوں ہی آپس میں لڑتے رہے تو ملک ترقی کیسے کرے گا؟۔
ملک کی معاشی زبوں حالی اور سرمایہ کاری نہ آنے کی اصل وجوہات کا احاطہ کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کا سب سے مقبول سیاسی رہنما گزشتہ تین سال سے زائد عرصے سے جیل میں قید ہے، ان تمام حالات کی موجودگی میں ہم آخر اس بات پر کیوں حیران اور پریشان ہیں کہ ملک میں بیرونی یا ملکی سرمایہ کاری کیوں نہیں بڑھ رہی؟ ’ویگو ڈالے‘ اور جبر کی پالیسی کے ذریعے کبھی بھی معاشی سرمایہ کاری کو زبردستی ملک میں نہیں لایا جا سکتا۔
اپنے بیان کے اختتام پر اسد عمر نے ریاست کے حکمرانوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی موجودہ گورننس کی حکمتِ عملی پر ہر صورت فوری نظرِ ثانی کریں، اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے افراد کی سوچ ایسی ہو چکی ہے جو ہر مسئلے کو ایک ‘کیل’ سمجھتی ہے اور اس کا واحد حل صرف ‘ہتھوڑا’ ہی ان کے پاس موجود ہے۔

WhatsApp
Get Alert