پنجاب میں دھی رانی پروگرام کے تیسرے مرحلے کا آغاز، شادی کیلئے لاکھوں روپے کی مدد کا اعلان
مزید 5 ہزار جوڑوں کی شادیاں کرانے کا ہدف، مالی امداد بطورِ سلامی اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے فراہم کی جائے گی، اہلیت کے معیار اور شرائط و ضوابط کی تفصیلات جاری

لاہور(قدرت روزنامہ) حکومت پنجاب نے مستحق، نادار اور کم آمدنی والے خاندانوں کی بیٹیوں کی شادی کے اخراجات میں مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے ’دھی رانی پروگرام‘ کے تیسرے مرحلے کا آغاز کردیا، پروگرام کے تحت حکومت اجتماعی شادیوں کا اہتمام کرنے کے ساتھ ساتھ دلہنوں کو 2 لاکھ روپے نقد مالی امداد بطورِ سلامی اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے فراہم کرے گی۔
پنجاب سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ڈیپارٹمنٹ کے مطابق اس فلاحی پروگرام کے تحت اجتماعی شادیوں کی تقریبات کا آغاز 12 نومبر 2026ء سے کر دیا گیا ہے، صوبائی حکومت نے مالی سال 2026/27ء کے دوران ایک بڑا ہدف مقرر کیا ہے جس کے تحت مزید 5 ہزار مستحق جوڑوں کی شادیاں سرکاری سطح پر کروائی جائیں گی، تقریبات کے تمام تر اخراجات بھی حکومت پنجاب خود برداشت کرے گی۔
بتایا گیا ہے کہ یہ 2 لاکھ روپے کی مالی امداد صرف اور صرف حکومت کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والی اجتماعی شادیوں کے منصوبے کا ہی حصہ ہوگی، اور نجی طور پر کی جانے والی شادیوں کے لیے کسی بھی قسم کی عمومی نقد امداد فراہم نہیں کی جائے گی، یہ رقم منتخب ہونے والی دلہنوں کو بطورِ سلامی اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے دی جائے گی تاکہ شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔
معلوم ہوا ہے کہ اس اسکیم سے مستفید ہونے کیلئے حکومت کی جانب سے جو شرائط و ضوابط مقرر کیے گئے ہیں، ان میں یتیم بچیاں، معذور خواتین، معذور افراد کی بیٹیاں اور معاشی طور پر انتہائی کمزور خاندانوں سے تعلق رکھنے والی دلہنیں اس پروگرام کی اولین ترجیح ہوں گی، دلہن کی عمر 18 سے 40 سال کے درمیان ہونا لازمی ہے اور اس کے پاس صوبہ پنجاب کا درست ڈومیسائل ہونا ضروری ہے، دلہن کا رشتہ طے شدہ اور وہ غیر شادی شدہ ہونی چاہیئے، نیز اس کا سرکاری اجتماعی شادی کی تقریب میں شرکت پر رضا مند ہونا بھی لازمی ہے جس کیلئے حلف نامہ بھی طلب کیا گیا ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ خواہشمند خاندان اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے خود یا اپنے والد، والدہ یا قانونی سرپرست کے ذریعے پنجاب دھی رانی پروگرام کے سرکاری پورٹل پر آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں، درخواست گزاروں کو سب سے پہلے پورٹل پر اپنا نام، شناختی کارڈ نمبر، ضلع اور موبائل نمبر درج کر کے اکاؤنٹ بنانا ہوگا، لاگ ان کرنے کے بعد درخواست فارم مکمل کیا جائے گا اور ہدایات کے مطابق تمام ضروری دستاویزات اپ لوڈ کی جائیں گی۔
مزید یہ کہ متعلقہ محکمے کے حکام موصول ہونے والی تمام درخواستوں کی جانچ پڑتال اور امیدواروں کی اہلیت کی تصدیق کریں گے، اگر موصولہ درخواستوں کی تعداد مقررہ گنجائش سے تجاوز کرگئی تو اہل امیدواروں کا انتخاب شفاف الیکٹرانک قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا، حتمی منظوری کے بعد منتخب ہونے والے درخواست گزاروں کو اجتماعی شادی کی تقریب کی تاریخ اور دیگر تفصیلات کے بارے میں ایس ایم ایس کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا، تقریب کے موقع پر ہی انہیں اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے مالی امداد دی جائے گی۔
