محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کی خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے خلاف وفاقی آئینی عدالت میں نظرِثانی درخواست دائر
خیبر پختونخوا میں گورنر راج کا فیصلہ غیر آئینی، چار کروڑ عوام کے مینڈیٹ کا مذاق اڑایا گیا

فوج کو سیاسی معاملات سے الگ کرکے اپنی اصل ذمہ داریاں ادا کرنے کا موقع دیا جائے، تحریک تحفظ آئین پاکستان
اسلام آباد ،کوئٹہ (قدرت روزنامہ)تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین، قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی اور قائد حزب اختلاف سینیٹ و مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف وفاقی آئینی عدالت میں نظرِثانی کی درخواست دائر کردی۔ درخواست دائر کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج کا فیصلہ غیر آئینی ہے اور چار کروڑ عوام کے مینڈیٹ کا مذاق اڑایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان اس وقت قائم کی گئی جب موجودہ حکومت انتخابات کی مبینہ غلط بنیادوں، اسمبلیوں کی خرید و فروخت اور آئین میں ردوبدل کی کوششوں کے خلاف آواز اٹھانے کی ضرورت محسوس ہوئی۔ ہمارا کسی فوجی یا سویلین سے ذاتی جھگڑا نہیں، ہمارا بنیادی مقف یہ ہے کہ پاکستان ایک رضاکارانہ وفاق ہے اور آئین تمام اکائیوں کے درمیان ایک سماجی معاہدہ ہے۔ اس معاہدے کے ساتھ چھیڑ چھاڑ سے ملک کی بنیادیں کمزور ہوں گی۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ آئین کی بالادستی کا مطالبہ کرنے والوں کو جیلوں میں ڈالنے اور ان پر پابندیاں عائد کرنے کا رجحان خطرناک ہے، جبکہ مخصوص سیاسی صفوں میں شامل ہونے والوں کے لیے الگ طرز عمل اختیار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک اور خطے پر خطرناک حالات کے بادل منڈلا رہے ہیں، ایسے میں مسلح افواج کو سیاسی معاملات میں الجھانے کے بجائے ان کی اصل ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے آزاد کیا جائے۔ تحریک تحفظ آئین پاکستان تمام سیاسی جماعتوں سے متحدہ محاذ بنانے کی اپیل کرے گی تاکہ ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معدنی وسائل اور قدرتی ذخائر پوری قوم اور صوبوں کی ملکیت ہیں۔ ان وسائل کے حوالے سے فیصلے کرتے وقت صوبوں اور عوام کو اعتماد میں لینا اور انہیں ان کا جائز حصہ دینا ضروری ہے۔ دنیا بھر سے سرمایہ کاروں کو مدعو کرنے سے پہلے ملک کے عوام کو اعتماد میں لیا جائے اور اجتماعی مشاورت کے ذریعے پالیسی مرتب کی جائے تاکہ پاکستان ترقی کرسکے۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے بار بار خبردار کیا جا رہا ہے کہ ملک انتہائی خطرناک صورتحال سے گزر رہا ہے۔ ان کے بقول یہ پیغامات ایک ڈوبتے ہوئے جہاز کے آخری امدادی پیغام کے مترادف ہیں، اس لیے سیاسی قیادت، عوام اور تمام متعلقہ اداروں کو ملک بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں بھی ان ارکان کی بازیابی اور موجودگی سے متعلق درخواست دائر کی ہے جو مبینہ طور پر لاپتا ہیں، جن میں وزیراعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی، اسپیکر اور جنید اکبر سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ متعلقہ ارکان کو پیش کیوں نہیں کیا جا رہا اور ان کے بارے میں معلومات فراہم کیوں نہیں کی جا رہیں۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کے مینڈیٹ کے ساتھ مذاق کیا جا رہا ہے اور صوبے کی خودمختاری پر حملہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے پشاور میں پیش آنے والے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں وکلا کی جانب سے سیاسی گفتگو سے روکنے پر انہیں افسوس ہوا، کیونکہ ان کے نزدیک معاملہ کسی ایک سیاسی جماعت کا نہیں بلکہ وفاق، آئین اور صوبائی خودمختاری کا ہے۔ انہوں نے یہ بھی دعوی کیا کہ ان کے نام سے ایک وکالت نامہ جمع کرایا گیا جس پر نہ انہیں علم تھا اور نہ ہی ان کے دستخط کی تصدیق ہوئی، جبکہ اس میں درج ٹیلیفون نمبر بھی غلط تھا۔انہوں نے کہا کہ اچانک کابینہ اجلاس میں خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کا فیصلہ کیا گیا، حالانکہ ان کے مطابق آئینی طور پر اس نوعیت کے اقدام کے لیے صوبائی اسمبلی، گورنر یا صوبائی حکومت کی جانب سے حالات کو قابو سے باہر قرار دینے جیسی وجوہات سامنے آنا ضروری تھیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب سندھ میں کچے کے علاقوں میں اغوا برائے تاوان اور بدامنی کے سنگین واقعات پیش آتے رہے ہیں اور بلوچستان بھی شدید مشکلات سے دوچار ہے تو صرف خیبر پختونخوا کو نشانہ بنانے کی کیا وجہ ہے؟محمود خان اچکزئی نے الزام عائد کیا کہ گورنر راج کے فیصلے کا اصل مقصد خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کے آخری منتخب اور قانونی سیاسی مرکز پر قبضہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں عدلیہ، وکلا اور آئینی نظام کو کمزور کیا جا رہا ہے، عدالتوں کے اختیارات محدود اور پارلیمنٹ کو بے وقعت بنایا جا رہا ہے، جبکہ بنیادی انسانی حقوق کی صورتحال بھی تشویش ناک ہے۔انہوں نے وکلا اور ججوں سے اپیل کی کہ وہ آئین کی تشریح اور اس کے تحفظ کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین کو معطل یا پامال کرنا انتہائی سنگین جرم ہے اور ہر پاکستانی کو آئین کے تحفظ کے لیے آواز اٹھانی چاہیے۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ملک میں میڈیا پر پابندیاں، عدلیہ پر دبا اور پارلیمنٹ کی کمزور ہوتی ہوئی حیثیت قومی بحران کو مزید گہرا کر رہی ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے اختلافات ایک طرف رکھ کر کم از کم مشترکہ نکات پر متحدہ محاذ تشکیل دینا چاہیے، جس میں آئین کی بالادستی، پارلیمنٹ کی خودمختاری اور تمام قومی پالیسیوں کی پارلیمنٹ میں تشکیل کو بنیادی اصول بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ آئین اور مسلح افواج کے حلف کے مطابق فوج کو سیاست میں حصہ نہیں لینا چاہیے، لیکن سیاسی حکومتوں کی تبدیلی کے لیے میوزیکل چیئرز کا کھیل ملک کے جمہوری نظام کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ سیاسی جماعتوں کے رہنماں کو چند ماہ کے لیے اقتدار میں لانے اور پھر تبدیل کرنے کا سلسلہ کب تک جاری رہے گا؟محمود خان اچکزئی نے عمران خان کی قید کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت کے سربراہ جیل میں ہیں، حالانکہ ان کے بقول وہ قانونی اور جمہوری طور پر کامیاب ہوچکے ہیں۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ عمران خان کو جیل میں رکھنے اور مختلف سیاسی شخصیات کو باری باری اقتدار میں لانے کا کوئی منصوبہ کارفرما ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر تحریک انصاف کے اپنے لوگ بھی اس عمل میں شریک ہوئے تو تاریخ ان سے بھی جواب طلب کرے گی۔انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے ایک مرتبہ پھر اپیل کی کہ وہ آئین کی بقا، جمہوریت کے تحفظ اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے لیے متحد ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو درپیش بحرانوں کی ذمہ داری تمام سیاسی جماعتوں پر عائد ہوتی ہے اور اگر ملک کو نقصان پہنچا تو اس کی جواب دہی ان سیاسی قوتوں کو بھی کرنا ہوگی جنہوں نے گزشتہ پچاس برسوں میں قومی معاملات کو سنجیدگی سے حل کرنے کے بجائے سیاسی عدم استحکام کو فروغ دیا۔
