کولیسٹرول کم ہونے کے بعد بھی ہارٹ اٹیک کیوں آ جاتا ہے؟ سائنس نے بڑا راز کھول دیا

لاہور(قدرت روزنامہ)کسی نے کولیسٹرول کنٹرول کر لیا، دوائی بھی وقت پر لی، رپورٹ بھی نارمل آ گئی لیکن پھر بھی ہارٹ اٹیک آ گیا۔ ایسا کیوں ہوتا ہے؟
یہ سوال سالوں سے ڈاکٹروں کو بھی پریشان کر رہا تھا۔ اب سویڈن کی چالمرز یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے سائنسدانوں نے اس کا ایک بڑا جواب ڈھونڈ لیا ہے۔
یورپین ہارٹ جرنل میں شائع ہونے والی تحقیق کہتی ہے کہ خراب کولیسٹرول کم کرنا کافی نہیں کیونکہ خون میں چربی لے جانے والے دوسرے ذرات بھی خاموشی سے دل کی شریانوں کو نقصان پہنچا رہے ہوتے ہیں۔
کولیسٹرول خلیے بنانے اور ہارمونز بنانے کے لیے ہمارے جسم کو چاہیے ہوتا ہے لیکن جب یہ زیادہ ہو جائے تو خون کی نالیوں کی دیواروں میں جم کر پلیک بنا دیتا ہے۔
یہ پلیک نالیوں کو تنگ کر دیتا ہے۔ اگر یہ پلیک پھٹ جائے تو وہاں خون کا لوتھڑا بن جاتا ہے اور وہیں سے ہارٹ اٹیک یا فالج کا خطرہ پیدا ہوتا ہے۔
کولیسٹرول خون میں اکیلا سفر نہیں کر سکتا اس لیے وہ چھوٹے ذرات میں سوار ہو کر سفر کرتا ہے۔ ان ذرات کو لیپو پروٹین کہتے ہیں۔ ان میں ایک خاص پروٹین ’اے پی او بی‘ ہوتا ہے۔ جب یہ ذرات زیادہ ہو جائیں تو وہ شریانوں میں زیادہ کولیسٹرول پہنچا دیتے ہیں۔
تو پھر مسئلہ کہاں رہ جاتا ہے؟
دنیا بھر میں ہر سال دل کی بیماریوں سے تقریبا ایک کروڑ 79 لاکھ لوگ جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ ان میں 80 فیصد سے زیادہ اموات ہارٹ اٹیک اور فالج سے ہوتی ہیں۔
خراب کولیسٹرول یعنی ایل ڈی ایل کم کرنا ہارٹ اٹیک سے بچنے کا سب سے ثابت شدہ طریقہ ہے لیکن اس کے بعد بھی کچھ لوگوں کو دل کی بیماری ہو جاتی ہے جس کو ڈاکٹر ’باقی بچا ہوا رسک‘ کہتے ہیں۔
نئی تحقیق نے اس باقی بچے ہوئے رسک کی وجہ تلاش کی ہے۔
سائنسدانوں نے خون میں موجود تقریبا 3000 پروٹینز کا تجزیہ کیا۔ اس طریقے کو پروٹیومکس کہتے ہیں۔
جینز تو ساری زندگی ایک جیسے رہتے ہیں، لیکن پروٹینز بدلتے رہتے ہیں۔ خوراک، تناؤ، عمر اور بیماری سے ان میں تبدیلی آتی ہے۔ اس لیے پروٹینز کو دیکھ کر پتا چلتا ہے کہ جسم کے اندر اس وقت کیا ہو رہا ہے۔
ٹیم نے 3 طرح کے چربی والے ذرات کا موازنہ کیا جس کے مطابق ایل ڈی ایل سب سے عام، زیادہ تر کولیسٹرول اسی میں ہوتا ہے، ٹی آر ایل اس میں کولیسٹرول کے ساتھ ٹرائی گلیسرائیڈز بھی ہوتے ہیں جو جسم کی توانائی کا ذریعہ ہیں اور ایل پی اے یہ ایل ڈی ایل جیسا ہی ہے لیکن اس میں ایک اضافی پروٹین ہوتا ہے
سب سے بڑی دریافت کیا نکلی؟
تحقیق میں 2 اہم باتیں سامنے آئیں۔ پہلی بات ایل ڈی ایل کا کام زیادہ تر صرف کولیسٹرول جمانا ہے۔ اس کے پروٹینز کا تعلق زیادہ تر شریانوں میں کولیسٹرول جمع ہونے سے تھا۔
دوسری بات ٹی آر ایل اور ایل پی اے کا طریقہ بالکل مختلف تھا۔ ان کے پروٹینز ایک دوسرے سے بہت ملتے جلتے تھے۔ یہ پروٹینز مدافعتی خلیوں کو اپنی طرف کھینچتے ہیں، جس سے سوزش پیدا ہوتی ہے اور خون کی نالیوں کی دیواروں کی ساخت بدل جاتی ہے۔
یعنی یہ دونوں ذرات صرف کولیسٹرول جمع نہیں کرتے بلکہ نالیوں میں سوزش بھی پیدا کرتے ہیں اور یہی سوزش دل کی بیماری کو آگے بڑھاتی ہے۔
تحقیق کے مرکزی مصنف جیکب مورزے کے مطابق، ٹی آر ایل اور ایل پی اے کا یہ مشترکہ پیٹرن سب سے دلچسپ دریافت ہے۔ اس سے پتا چلتا ہے کہ یہ دونوں ایک ہی طرح کے سوزشی عمل پر اثر ڈال رہے ہیں۔
اس کا مطلب آپ کے لیے کیا ہے؟
اس تحقیق کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ایل ڈیل ایل کم کرنا بیکار ہے۔ سائنسدان صاف کہتے ہیں کہ ایل ڈی ایل کم کرنا اب بھی بچاؤ کی بنیاد ہے۔
مطلب یہ ہے کہ صرف ایل ڈی ایل رپورٹ کو دیکھ کر مطمئن ہو جانا کافی نہیں۔ اگر ٹی آر ایل اور ایل پی اے زیادہ ہیں تو خطرہ باقی رہ سکتا ہے۔
مستقبل میں اس سے دو فائدے ہو سکتے ہیں۔
پہلا، ڈاکٹر زیادہ درست طریقے سے بتا سکیں گے کہ کس مریض کو زیادہ خطرہ ہے۔
دوسرا، ایسی نئی دوائیاں بن سکیں گی جو صرف کولیسٹرول نہیں بلکہ اس سوزش کو بھی روکیں گی۔
کیا اب نیا ٹیسٹ آ گیا ہے؟
نہیں، ابھی نہیں۔ یہ تحقیق ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے۔ اس سے کوئی نیا ٹیسٹ یا نئی دوائی فوری طور پر نہیں بنی۔
اب اگلا قدم یہ ہوگا کہ سائنسدان یہ دیکھیں کہ کیا ان پروٹینز کو ناپ کر یا ان پر اثر کرنے والی دوائی بنا کر دل کی بیماری سے بہتر بچاؤ ممکن ہے۔
