معدنی وسائل پر اجارہ داری، سرحدی تجارت کی بندش اور مدارس کیخلاف سازشیں کسی صورت قبول نہیں: مولانا عبدالواسع
مدارس کے تحفظ کیلئے بلوچستان اسمبلی میں مؤثر قانون سازی کریں گے، مفتی محمود مرکز اور قائد جمعیت کیخلاف کردار کشی کا جواب عوامی قوت سے دیں گے: چمن کانفرنس سے مولانا عبدالواسع و دیگر کا خطاب

چمن (ڈیلی قدرت کوئٹہ) جمعیت علما اسلام تحصیل چمن کے زیر اہتمام ’’قائد جمعیت زندہ باد کانفرنس‘‘ ایک عظیم الشان عوامی احتجاجی اجتماع میں تبدیل ہو گئی، جس سے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع، صوبائی سیکرٹری جنرل آغا محمود شاہ، مولانا صلاح الدین ایوبی، میر یونس عزیز زہری، مولانا حسین احمد شررودی، حافظ محمد یوسف، حاجی غوث اللہ اچکزئی، مفتی محمد قاسم، مفتی شراف الدین، حکمت اللہ کاکڑ اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چمن کے غیور عوام نے قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت، دینی مدارس کے تحفظ اور جے یو آئی کے دوٹوک اصولی مؤقف پر بھرپور اعتماد کا اظہار کر کے ثابت کر دیا ہے کہ بلوچستان کی سرزمین پر نظریاتی سیاست کی جڑیں گہری اور عوامی وابستگی ناقابلِ تسخیر ہے۔ مقررین نے کہا کہ عوام کا یہ ٹھاٹھیں مارتا سمندر ان قوتوں کے لیے واضح پیغام ہے جو منفی پروپیگنڈے، کردار کشی، ریاستی دباؤ اور انتظامی ہتھکنڈوں کے ذریعے جمعیت کی سیاسی آواز دبانے کے خواب دیکھ رہی ہیں۔
رہنماؤں نے کہا کہ جمعیت علما اسلام محض جلسوں کی جماعت نہیں بلکہ ایک نظریاتی تاریخ اور فکری تسلسل کی حامل تحریک ہے، تاہم افسوس کہ آج بھی حکمرانوں کا طرزِ عمل فرنگی ذہنیت اور نوآبادیاتی پالیسیوں کی عکاسی کر رہا ہے۔ علماء کرام کو نوٹسز اور مقدمات کے ذریعے مرعوب کرنے اور مدارس کی خودمختاری محدود کرنے کی کوششیں اسی فرسودہ سوچ کا تسلسل ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جے یو آئی مدارس کی آزادی، دینی شناخت اور قانونی رجسٹریشن کے آئینی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی بلکہ بلوچستان اسمبلی میں مدارس کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر قانون سازی کی جدوجہد بھی کرے گی۔ مقررین نے مفتی محمود مرکز اور مولانا فضل الرحمٰن کے خلاف جاری منظم کردار کشی اور میڈیا ٹرائل کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار کی غلام گردشوں میں بیٹھ کر زبان و بیان کا وقار کھو دینے والے یہ نہ بھولیں کہ ماضی میں یہی حلقے رہنمائی کے لیے قائد جمعیت کے دروازے پر دستک دیتے رہے ہیں۔
صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے قدرتی وسائل، معدنیات، ساحلی پٹی اور سرحدی تجارت پر اولین حق یہاں کے مقامی عوام کا ہے۔ مائنز اینڈ منرلز کے نام پر ایسے قوانین مسلط کرنا جن سے مقامی آبادی اپنے ہی وسائل سے محروم ہو جائے صوبے کے ساتھ بدترین ناانصافی ہے؛ ریکوڈک سمیت تمام معدنی ذخائر کے معاملات میں مقامی حقوق اور صوبائی اختیار کو مقدم رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چمن سمیت تمام سرحدی علاقوں میں تجارتی سرگرمیوں کی معطلی نے ہزاروں خاندانوں کے چولہے ٹھنڈے کر دیے ہیں، لہٰذا متبادل روزگار فراہم کیے بغیر لوگوں سے ان کے صدیوں پرانے ذرائع معاش چھیننے کا سلسلہ بند کر کے سرحدی تجارت کو باعزت اور قانونی بنیادوں پر فوری بحال کیا جائے۔
