مولانا نذر الرحمان کی وفات دینی و تبلیغی حلقوں کے لیے بڑا نقصان ہے، نواز شریف

لاہور(قدرت روزنامہ)سابق وزیراعظم نواز شریف نے امیر تبلیغی جماعت مولانا نذر الرحمان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم ایک عظیم اسلامی عالم، شیخ الحدیث اور مخلص داعی تھے۔

’۔۔۔انہوں نے اپنی پوری زندگی دعوت و تبلیغ، دینی علوم کی ترویج اور مسلم معاشرے کی اصلاح کے لیے وقف کر رکھی تھی۔‘

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے تعزیتی پیغام میں نواز شریف نے کہا کہ مولانا نذر الرحمان کی رحلت پر انہیں دلی صدمہ پہنچا ہے۔

انہوں نے مرحوم کی دینی، علمی اور تبلیغی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی دین کی دعوت و اشاعت اور امت مسلمہ کی اصلاح کے لیے وقف کیے رکھی۔

نواز شریف نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔

واضح رہے کہ امیر تبلیغی جماعت، ممتاز عالم دین اور شیخ الحدیث حضرت مولانا نذر الرحمان 97 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے، وہ کچھ عرصے سے علیل تھے اور بیماری کے باعث رواں سال سالانہ تبلیغی اجتماع میں بھی بیان نہیں کر سکے تھے۔

ان کی نماز جنازہ تبلیغی مرکز رائیونڈ میں ادا کی گئی، جس میں ملک بھر سے علمائے کرام، دینی و مذہبی شخصیات اور بڑی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی، بعد ازاں انہیں رائیونڈ میں ہی سپرد خاک کر دیا گیا۔

مولانا نذر الرحمان شیخ الہند مولانا حسن محمود دیوبندی کے شاگردوں میں شامل تھے اور قیام پاکستان کے بعد تبلیغی جماعت کی بنیاد رکھنے والے ابتدائی افراد میں نمایاں حیثیت رکھتے تھے۔

1981 میں انہیں رائیونڈ تبلیغی مرکز میں ذمہ داری سونپی گئی، جبکہ 2018 میں مولانا عبدالوہاب کے انتقال کے بعد انہیں تبلیغی جماعت کا امیر مقرر کیا گیا تھا۔

WhatsApp
Get Alert