اسلام آباد سے بڑی تعداد میں حرام گوشت پکڑا گیا، مقدمہ درج

مکان پر چھاپے کے دوران مبینہ طور پر گدھے اور کتے کا 800 کلو گوشت برآمد، موقع سے 12 زندہ اور 1 مردہ گدھا، 5 زندہ کتے، 21 کچھوے، 1 گیدڑ اور 1 زندہ پینگولین بھی قبضے میں لے لیے گئے، مقدمہ درج


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر ڈی 14 میں حرام گوشت کی مبینہ فروخت اور جنگلی و نایاب جانوروں کی غیر قانونی ترسیل کے ایک بڑے اور خوفناک نیٹ ورک کا انکشاف ہوا ہے، متعلقہ حکام نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے موقع سے بھاری مقدار میں حرام گوشت اور درجنوں زندہ و مردہ جانور برآمد کرلیے، ملوث عناصر کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ڈی 14 میں قائم ایک احاطے میں حرام گوشت کی تیاری اور سپلائی کی اطلاع پر متعلقہ اداروں نے فوری چھاپہ مارا، اس کارروائی کے دوران موقع سے 800 کلو گرام حرام گوشت برآمد کر لیا گیا، برآمد ہونے والے گوشت اور جانوروں کی نقل و حمل و ترسیل کے حوالے سے ملزمان کے پاس کوئی قانونی ریکارڈ، لائسنس یا اجازت نامہ موجود نہیں تھا۔


بتایا گیا ہے کہ چھاپے کے دوران احاطے کی تلاشی لینے پر حکام اس وقت دنگ رہ گئے جب وہاں سے متعدد اقسام کے جانور برآمد ہوئے، کارروائی میں ایک مردہ اور 12 زندہ گدھے، 5 کتے، 17 کچھوے، ایک گیدڑ اور عالمی سطح پر تحفظ یافتہ نایاب نسل کا جانور پینگولین بھی برآمد کیا گیا جنہیں غیر قانونی مقاصد کے لیے وہاں رکھا گیا تھا۔


بتایا جارہا ہے کہ متعلقہ حکام نے عوامی صحت کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے برآمد ہونے والے تمام 800 کلو گرام حرام گوشت کو موقع پر ہی سائنسی طریقے سے تلف کردیا تاکہ اسے مارکیٹ میں سپلائی ہونے سے روکا جا سکے، دوسری جانب موقع سے بازیاب کرائے گئے تمام زندہ جانوروں بشمول نایاب پینگولین، کچھووں اور گدھوں کو مناسب دیکھ بھال اور قانونی تحفظ کے لیے وائلڈ لائف حکام کے حوالے کر دیا گیا، نیٹ ورک میں ملوث ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی

WhatsApp
Get Alert