شہباز شریف کو 2 دفعہ وزیر اعظم بنوایا، چاہتا ہوں کہ وہ 5 سال پورے کریں، بلاول بھٹو
شہباز شریف کو معاشی مسائل کی طرف توجہ دینے کا موقع ہی نہیں دیا گیا، جب کوشش کرتے ہیں کوئی وزیر کوئی ایشو اٹھا دیتا ہے

کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میں نے شہباز شریف کو 2 دفعہ وزیر اعظم بنوایا، چاہتا ہوں کہ وہ بطور وزیرا عظم 5 سال پورے کریں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ویٹ سپورٹ پروگرام کی تقریب سے خطاب ہوئے کہا کہ جنگ کے اثرات ہم سب کو اٹھانے پڑ رہے ہیں، امن کا معاہدہ ابھی تک نظر نہیں آرہا، معاشی بحران سے نکلنے میں وقت لگے گا، عوام کے کندھوں پر معاشی بوجھ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آنے والے حالات میں عوام کیسے گذارا کریں گے، موجودہ حالات میں فارووڈ پلاننگ کیا کرسکتے ہیں، افسوس کے ساتھ ہمارے سیاستدانوں نے عوام کے اصل مسائل پر بات کرنا چھوڑ دیا ہے، پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام کی فلاح بہبود کے لیے کام کرتی رہتی ہے، چھوڑے زمینداروں کی مدد کی جارہی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ زراعت کے شعبے میں نوے فیصد چھوٹے زمینداروں کا کردار ہے، مہنگائی بڑھ رہی ہے، حالات مشکل ہوتے جا رہے ہیں، میں نے 2 دفعہ شہباز شریف کو وزیر اعظم بنوایا، انہیں ابھی تک معاشی مسائل کی طرف توجہ دینے کا موقع ہی نہیں دیا گیا، جانتا ہوں کہ وہ فخر کرتے ہیں کہ انہوں نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، جب بھی وہ کوشش کرتے ہیں تو کوئی وزیر اٹھ کر اور کوئی ایشو اٹھا دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران جنگ کی وجہ سے عوام کو مہنگائی کا سامنا ہے، میں نے اپنی زندگی میں اس سے زیادہ مشکل وقت نہیں دیکھا، ہمارے سامنے اب تک خطے میں امن کا کوئی معاہدہ نظر نہیں آیا، اس جنگ کے خاتمے تک عوام کو مشکلات کا سامنا رہےگا، ایسے حالات میں عوام کو ریلیف دلانے کےلیے کیا کیا جا سکتا ہے، پوری دنیا میں عوام کو ریلیف دینے کےلیے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ افسوس کہ پاکستان میں عوامی مسائل پر توجہ دینے کی روایت ختم ہوگئی ہے، پیپلزپارٹی کا آج بھی فوکس عوام کو ریلیف دینے پر ہے، بےنظیر ہاری کارڈ کاشت کاروں اور چھوٹے زمینداروں کو ریلیف دینے کےلے بنایا گیا، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ چھوٹے کاشت کاروں کی مدد کی ہے، چھوٹے کاشت کار زرعی شعبے کا نوے فیصد حصہ رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کاشت کاروں کی بےنظیر ہاری کارڈ سے مدد کی جا رہی ہے، جو حالات ہیں مشکلات مزید بڑھیں گی، کھاد کا ملنا مشکل ہو جائےگا،کاشت کاروں کو 4 ہزار روپے فی ایکڑ مالی امداد دی جا رہی ہے، پیپلزپارٹی زرعی شعبے کی مشکل وقت میں امداد کےلیے کوشاں ہے، تھرپارکر اور عمرکوٹ کو آفت زدہ قرار دینے کا بھی خیرمقدم کرتا ہوں، بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کےلیے متاثرہ خاندانوں کو 8 ہزار دینے کا بھی خیرمقدم کرتا ہوں، پیپلزپارٹی کا یہی طریقہ ہے کہ معاشی بحران میں عوام کی مدد کی جائے۔
