ہمارے لانگ مارچ کی حکمت عملی تھی اور نہ کوئی پلان تھا. شوکت یوسفزئی
جنید اکبر، اسپیکر اور سہیل آفریدی گرفتار ہوئے تو میں پلان کا انتظار کرتا رہا.تحریک انصاف کے راہنما کی گفتگو

پشاور(قدرت روزنامہ)پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے ترجمان شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ پارٹی کے پاس لانگ مارچ کی کوئی حکمت عملی نہیں تھی ایک انٹرویو میں شوکت یوسفزئی نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے لانگ مارچ کی حکمت عملی تھی اور نہ کوئی پلان تھا، ہمیں کہا جاتا رہا کہ پلان آرہا ہے اور پلان کسی اور کے ساتھ ہے.
انہوں نے کہا کہ اعلان کیا گیا سہیل آفریدی گرفتار ہوتے ہیں توپلان کوئی اور دے گا، جنید اکبر، اسپیکر اور سہیل آفریدی گرفتار ہوئے تو میں پلان کا انتظار کرتا رہا، میں نے 24 ستمبرکو خط لکھا تھا اور25ستمبرکو میٹنگ بھی بلائی گئی، اس میٹنگ میں سہیل آفریدی بیرسٹرگوہر، اسدقیصر، جنیداکبراور سلمان اکرم راجہ موجود تھے. شوکت یوسفزئی نے کہا میں نے اجلاس میں کہا کہ ایپکس کمیٹی کا اجلاس بھی بلانا چاہیے، میں نے کہا کہ آپ لانگ مارچ کو فی الحال ملتوی کریں، میں نے کہا تاریخ نہ دیں اورکہیں کہ لانگ مارچ کو فی الحال ملتوی کرکے مذاکرات کرتے ہیں، میں نے کہا حکومت ہماری باتیں نہیں مانتی تو لانگ مارک کی کال دیں گے، اس پر سہیل آفریدی، شفیع جان اور دیگر نے کہاکہ ہر صورت لانگ مارچ کرنا ہے.
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی ناکامی ‘صوبائی حکومت کی محاذآرائی‘حکمت عملی کے بغیرتحریک شروع کرنا‘سابق وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کی کے پی کے میں تحریک شروع کرنے کے خلاف کابینہ کے طاقتور ترین رکن سمجھے جانے والے شفیع اللہ جان تھے اور سہیل آفریدی کے فیصلوں پر اثراندازہوتے رہے ہیں‘شفیع جان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ علیمہ خان کی جانب سے خبیرپختون خوا میں رابط مہم شروع کرنے کے خلاف انہوں نے صوبائی حکومت کی جانب رکاوٹیں ڈالنے کا مشورہ دیا.
تحریک انصاف کے پی کے ‘کے سنیئرراہنما نے نام ظاہرنہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ سہیل آفریدی اور ان سے قبل علی امین گنڈاپورکی وزارت اعلی میں صوبے کے سیاحتی مقامات کی قیمتوں زمینوں کی الاٹمنٹ پر منتخب اراکین آپس میں دست وگریبان رہے ‘کام کرنے والے کابینہ اراکین کی حوصلہ شکنی کی گئی اور ان کی سفارشات پر کرپٹ افسران اور سرکاری اہلکاروں کو ہٹانے سے انکار کیا گیا. ان کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی اور گورنرراج کے نفاذکے بعد کے حالات کو دیکھ لیں مفاد پرست لوگوں میں سے کسی ایک کوبھی گرفتاری کا سامنا نہیں کرنا پڑا ‘ان کا دعوی ہے کہ اندرون خانہ یہ لوگوں نے گورنرراج کی حمایت کی اس معاملے میں پارٹی کے کئی انتظامی عہدیدار بھی شامل ہیں.
