ہزاروں نوجوانوں کو ایک ہی روز مختلف وفاقی محکموں اور کیسکو کے انٹرویوز کیلئے بلانا غیر سنجیدگی ہے: نیشنل پارٹی

ناقص منصوبہ بندی سے دور دراز علاقوں کے امیدوار شدید مالی نقصان اور ذہنی الجھن کا شکار ہیں، الگ الگ شیڈول جاری کیا جائے: مرکزی ترجمان


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے وفاقی محکموں کی آسامیوں کے انٹرویوز کے دوران مبینہ انتظامی بے ضابطگیوں اور ناقص حکومتی حکمتِ عملی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہزاروں نوجوانوں کو ایک ہی دن مختلف محکموں کے انٹرویوز کے لیے طلب کرنا حکومتی اداروں کی غیر سنجیدگی کا واضح ثبوت ہے۔اپنے ایک بیان میں مرکزی ترجمان نے کہا کہ ایک جانب نوجوانوں کو کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو)کی آسامیوں کے انٹرویوز کے لیے بلایا جا رہا ہے جبکہ دوسری جانب انہی ایام میں دیگر مختلف وفاقی محکموں کے انٹرویوز بھی رکھ دیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اداروں کی یہ غیر مربوط حکمتِ عملی نوجوانوں کو شدید ذہنی و نفسیاتی الجھن، مالی نقصان اور غیر ضروری پریشانیوں میں مبتلا کر رہی ہے۔ترجمان نے کہا کہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے امیدوار پہلے ہی انتہائی محدود وسائل کے باوجود روزگار کے حصول کے لیے کوشاں ہیں، ایسے میں حکومتی اداروں کی ناقص منصوبہ بندی ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہی ہے۔نیشنل پارٹی نے مطالبہ کیا کہ تمام وفاقی محکموں کی آسامیوں پر انٹرویوز کے لیے الگ الگ اور مناسب شیڈول جاری کیا جائے، امیدواروں کو بروقت آگاہی دی جائے اور بھرتیوں کے تمام مراحل میں مکمل شفافیت، میرٹ اور بلوچستان کے نوجوانوں کے جائز حقوق کو یقینی بنایا جائے۔

WhatsApp
Get Alert