کراچی: ڈاکو تاجر سے 70 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے موبائل فون چھین کر فرار

کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی میں شاہ لطیف تھانے کی حدود قائد آباد موبائل مارکیٹ کے قریب چار مسلح ڈاکو تاجر سے 70 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔
صدر کراچی الیکٹرونکس مارکیٹ عرفان رضوان کے مطابق متاثرہ تاجر منیر خان عرف منا صدر موبائل مارکیٹ، عبداللہ ہارون روڈ سے موبائل فون خرید کر واپس جا رہا تھا کہ قائد آباد موبائل مارکیٹ کے قریب مسلح ملزمان نے اسے روکا اور لاکھوں روپے مالیت کے موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔
متاثرہ تاجر منیر خان نے اپنے ویڈیو بیان میں بتایا کہ چار مسلح ڈاکوؤں نے اس سے موبائل فون چھینے جن کی مجموعی مالیت 70 لاکھ روپے سے زائد تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل بھی وہ ڈکیتی کی واردات کا نشانہ بن چکے ہیں، تاہم گزشتہ وارداتوں میں بھی کوئی ریکوری نہیں ہو سکی۔
عرفان رضوان کے مطابق واقعے کی اطلاع پولیس ہیلپ لائن 15 پر دے دی گئی ہے جبکہ اعلیٰ پولیس حکام سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ تاجر سے چھینے گئے موبائل فونز کی تفصیلات طلب کرلی گئی ہیں، تاجر کی جانب سے موبائل فونز کے آئی ایم ای آئی نمبرز فراہم کیے جانے کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔
