پاکستان نے بھارت سمیت تمام ایس سی او ممالک کو مکالمے کی دعوت دیدی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر مصدق ملک نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے بھارت سمیت تمام ایس سی او ممالک کو مکالمے کی دعوت دیدی۔
بھارتی دارالحکومت نئی دلی میں شنگھائی تعاون تنظیم کے تہذیبی مکالمے سے خطاب کے دوران مصدق ملک نے کہا کہ بات چیت مختلف نظریات اور ثقافتوں کے درمیان ہی ہوتی ہے، اگر سب نظریات ایک جیسے ہوں تو وہ مکالمہ نہیں رہتا، پاکستان کے تاریخی اور تہذیبی روابط فارس اور عرب سے لے کر بخارا اور ثمر قند تک پھیلے ہیں، سب کو دعوت دیتے ہیں کہ ان سے فائدہ اٹھائیں۔
وفاقی وزیر مصدق ملک نے ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے ایس سی او نیٹ ورک اور ڈیجیٹل لائبریری بنانے کی تجاویز بھی دیں، اور موسمیاتی تبدیلی سے بچاؤ کے لیے ایس سی او کے پلیٹ فارم سے مشترکہ کوششیں کرنے پر بھی زور دیا۔
خیال رہے کہ مصدق ملک نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں اردو میں اظہار خیال کیا اور اپنی گفتگو کے دوران انہوں نے مرزا غالب اور علامہ اقبال کا تذکرہ بھی کیا۔
