پنجاب اور کے پی میں شدید دھند کے باعث موٹر ویز کئی مقامات پر بند

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پنجاب اور خیبرپختونخوا (کے پی ) میں شدید دھند اور حد نگاہ متاثر ہونے کے باعث موٹرویز کے مختلف سیکشنز کو بند کردیا گیا ہے۔
دھند کی وجہ سے موٹروے ایم 1 پر مین ٹول پلازہ پشاور سے رشکی تک ٹریفک کیلئے معطل ہے۔
ایم 2 لاہور سے ہرن مینار، ایم 3 لاہور سے جڑانوالہ اور ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم اور لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 بھی بند کردی گئی ہے۔
فضائی آلودگی کے لحاظ لاہور آج بھی سرفہرست
دوسری جانب فضائی آلودگی کے لحاظ سے دنیا کے بڑے شہروں میں لاہور آج پھر پہلے نمبر پر ہے۔
لاہور میں پارٹیکولیٹ میٹر کی تعداد 489 جبکہ 245 پارٹیکولیٹ میٹر کے ساتھ دلی دوسرے نمبر پر ہے۔
مزید برآں پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں 556، بہاولپور میں 463، سرگودھا میں 382 اور ملتان میں 255 پارٹیکولیٹ میٹر ریکارڈ کیے گئے۔
