پاکستان خلا کو تسخیر کرنے والے ممالک میں شامل، چینی مشن کے ساتھ پہلے خلا باز کی تاریخی روانگی

چین (قدرت روزنامہ)پاکستان کی خلائی تاریخ میں نیا باب رقم ہو گیا، پہلے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی خلائی سفر کے لیے شینزو 24 مشن پر روانہ ہو گئے، ان کے ہمراہ دو چینی خلا باز بھی موجود ہیں۔ تینوں خلا باز تقریباً پانچ گھنٹے کے سفر کے بعد چین کے تیان گونگ خلائی اسٹیشن پہنچیں گے، جہاں وہ ایک ہفتے تک قیام کرکے مختلف سائنسی تجربات انجام دیں گے۔

شینزو 24 خلائی مشن کامیابی سے اپنے ابتدائی مراحل مکمل کرتے ہوئے خلا کی وسعتوں میں داخل ہوگیا ہے، لانگ مارچ 2 ایف راکٹ اپنے طے شدہ راستے اور مراحل کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے۔

خلائی جہاز میں سوار تینوں خلا باز اپنی نشستوں پر محفوظ ہیں اور مشن مینوئل کا مطالعہ کر رہے ہیں، جبکہ تیان گونگ اسپیس اسٹیشن پر موجود خلا باز بھی شینزو 24 کی روانگی کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔

شینزو 24 مشن تقریباً 4 سے 5 گھنٹے میں اپنا سفر مکمل کرکے تیان گونگ اسپیس اسٹیشن سے منسلک ہوگا۔ خلائی جہاز کامیابی

سے اپنی منزل کی جانب بڑھ رہا ہے اور مشن کے اگلے مراحل پر پیش رفت جاری ہے۔

چین کے خلائی مرکز جیوچوان میں مشن کی روانگی کے سلسلے میں خصوصی تیاریاں مکمل کی گئی تھیں، جبکہ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بجے خلائی جہاز کی پرواز کا مرحلہ شروع ہوا۔

مشن پر روانگی سے قبل پاکستانی اور چینی خلا بازوں کی الوداعی تقریب بھی منعقد کی جائے گی، جس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال شریک ہوئے۔ تاریخی لمحے کا مشاہدہ کرنے کے لیے ہزاروں چینی شہری بھی خلائی مرکز کے اطراف جمع ہوئے۔

محمد ذیشان علی اس مشن کے ذریعے خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے، جبکہ وہ تیان گونگ خلائی اسٹیشن پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بھی ہوں گے۔ ان کی یہ کامیابی پاکستان کے خلائی پروگرام اور سائنسی ترقی کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دی جا رہی ہے۔

پاکستان کے پہلے خلا نورد محمد ذیشان علی

خلائی سفر پر روانگی سے قبل اپنے پیغام میں محمد ذیشان علی نے کہا کہ پاک چین دوستی اب کہکشاؤں تک پہنچ چکی ہے، یہ مشن پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے اور انہیں امید ہے کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان مزید مشترکہ خلائی مشن بھی شروع ہوں گے۔

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم نے انہیں کہا تھا کہ اس مشن میں صرف ذیشان علی نہیں بلکہ پاکستان جا رہا ہے۔ یہ الفاظ ان کے لیے حوصلے اور قومی ذمہ داری کا احساس بڑھانے کا باعث بنے۔

محمد ذیشان علی کا یہ خلائی سفر نہ صرف پاکستان کے لیے ایک تاریخی کامیابی ہے بلکہ دونوں ممالک کے سائنسی تعاون کے نئے امکانات بھی روشن کر رہا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری

صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کے پہلے خلا باز مشن پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی خلائی پرواز میں پاکستان کی شرکت قومی فخر کا عظیم لمحہ ہے، یہ تاریخی پیش رفت سائنس، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے قومی عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

صدر مملکت نے خلائی مشن کی تیاری اور کامیابی کے لیے سپارکو، سائنسدانوں اور انجینئرز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور مشن پر روانہ ہونے والے خلا بازوں کے لیے کامیاب سفر اور بحفاظت واپسی کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلائی سفر میں چین کا تعاون اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ یہ تاریخی مشن پاکستان کے خلائی پروگرام کے لیے نئے امکانات کے دروازے کھولے گا، جبکہ اس دوران کیے جانے والے سائنسی تجربات تحقیق اور علم کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گے۔

چیئرمین سپارکو ڈاکٹر یوسف خان

سپارکو ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سپارکو ڈاکٹر یوسف خان نے کہا کہ آج پاکستان کے لیے ایک تاریخی دن ہے، گزشتہ 6 ماہ کے دوران سپارکو نے کئی سیٹلائٹس خلا میں بھیجے، لیکن آج کی کامیابی اور کیفیت مختلف ہے۔

انہوں نے بتایا کہ خلائی تجربات کے انتخاب کے لیے ملک بھر کی جامعات اور تعلیمی اداروں سے رابطہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں تقریباً 300 تجربات موصول ہوئے ان میں سے 4 تجربات منتخب کیے گئے جبکہ باقی تمام تجربات بھی محفوظ ہیں۔

چیئرمین سپارکو کے مطابق خلا باز کا انتخاب آسان مرحلہ نہیں تھا امیدواروں کے انتخاب میں طبی فٹنس اور نفسیاتی دباؤ برداشت کرنے کی صلاحیت کو بنیادی اہمیت دی گئی۔ ابتدائی طور پر 50 امیدواروں میں سے 19 کو چین بھیجا گیا جہاں سے محمد ذیشان علی اور خرم داؤد کا انتخاب عمل میں آیا۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستانی خلا باز ذیشان علی کی خلائی پرواز محض ایک مشن نہیں بلکہ پاکستان کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ہے، پوری قوم کو اپنے قومی ہیرو پر فخر ہے اور یہ تاریخی لمحہ آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ بنے گا۔

پاکستانی اور چینی خلا بازوں کی روانگی کی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ شین ژو 24 مشن پر تین خلا باز روانہ ہوئے ہیں، جن میں پہلے پاکستانی خلا باز ذیشان علی بھی شامل ہیں۔ اس تاریخی منظر کو دیکھ کر پیدا ہونے والے جذبات کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم ٹیلی ویژن اسکرینوں پر یہ یادگار لمحے دیکھے جبکہ چین میں ہزاروں افراد صبح سویرے اس تاریخی پرواز کا مشاہدہ کرنے کے لیے جمع ہوئے۔ یہ ایک خواب کی تعبیر اور پاکستان کی تاریخ کا ناقابل فراموش سنگ میل ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے تاریخی خلائی مشن میں شینزو 24 کی لانچنگ سے قبل منعقد کی جانے والی خصوصی تقریب کی ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کر دی۔

چین سے پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی کے تاریخی خلائی مشن کی براہ راست نشریات کے دوران وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور چین میں پاکستانی سفیر بھی لانچنگ سائٹ پر موجود رہے، جہاں دونوں نے قومی پرچم لہرا کر ملک کے پہلے خلا باز اور سپارکو کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔

WhatsApp
Get Alert