کابل سے غیرملکیوں کا انخلا، اقوام متحدہ کے 2 خصوصی طیاروں کی اسلام آباد آمد

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)افغانستان میں طالبان کے کنٹرول کے بعد سے کابل میں پھنسے غیر ملکیوں کے انخلاء کا عمل تیزی سے جاری ہے۔امریکا سمیت مختلف ممالک کی ایئر فورس کے طیارے کابل سے مختلف ممالک کے لیے مسلسل پروازیں جاری رکھے ہوئے ہیں، ایسے میں اقوام متحدہ (یو این) کے دو خصوصی طیارے بھی غیر ملکیوں خصوصاً یونائیٹڈ نیشن کے ارکان کو کابل سے نکالنے کے لیے اتوار کو پاکستان کی طرف متحرک دیکھے گئے ہیں۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کابل سے ٹیک آف کرنے والی اقوام متحدہ کی خصوصی پرواز یو این او 201 نے اتوار کی صبح 11 بج کر 8 منٹ پر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔ اسی ادارے کی دوسری پرواز یو این او 202 نے 11 بج کر 24 منٹ پر اسلام آباد لینڈنگ کی۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ترکش ایئر فورس کی خصوصی پرواز بھی کابل سے اسلام آباد کے درمیان پروازیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران امریکن ایئر فورس کے ایک درجن سے زائد طیارے کابل میں پھنسے غیر ملکیوں اور افغانیوں کو قطر اور دیگر ایئرپورٹس پر منتقل کرچکے ہیں جبکہ رائل ایئر فورس کا کابل سے دبئی آپریشن جاری ہے۔ رائل آسٹریلین ایئر فورس کے طیارے بھی کابل سے دبئی آجا رہے ہیں۔ اسپین ایئر فورس کا طیارہ بھی یو اے ای اور کابل کے درمیان متحرک ہے۔