پاکستان

کسی نے تنگ نہ کیا تو اگلا الیکشن نہیں لڑوں گا۔۔ شیخ رشید

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ میرا آئندہ الیکشن لڑنے کا ارادہ نہیں لیکن اگر کسی نے تنگ کیا تو ارادہ بدل بھی سکتا ہوں۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت داخلہ ان کے لئے بہت چیلنج بھری وزارت ہے۔ اس میں تو ہر روز کوئی نہ کوئی واقعہ ہوتا ہے۔ ریلوے میں صرف ٹرین کا ہی حادثہ ہوتا تو بدنامی ہوتی تھی باقی تو نارمل وزارت تھی مگر یہاں 18 گھنٹے کام کرنا پڑتا ہے۔ شیخ رشیدکا کہنا تھا کہ بیرون ملک سفارت خانوں میں 12، 14 سال سے بیٹھے نادرا کے سارے افسروں کو تبدیل کردیا ہے تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کا ازالہ ہوسکے۔

اس کے علاوہ ویزا آن لائن کر دیا ہے۔ پہلے کوئی 70 ہزار روپے دیتا تھا اور ویزے کا ٹھپہ لگوا لیتا تھا۔ اب جو بھی آن لائن ویزا اپلائی کرتا ہے، اسے اسی وقت ویزا مل جاتا ہے، وزارت داخلہ میں 3،3 لاکھ افراد کی ویزا درخواستیں پڑی ہوتی تھیں اب ہمارے پاس ایک ویزا بھی بیک لاک میں نہیں ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ راولپنڈی میں نالہ لئی کی تعمیر ہوجائے تو ان کے سیاسی مقاصد مکمل ہو جائیں گے۔ وہ چاہتے ہیں نالہ لئی پر ایک اتھارٹی بن جائے۔ ابھی دو سال پڑے ہیں لیکن ان کا خیال یہی ہے کہ ریٹائر ہو جائیں، وہ 2018 کا الیکشن بھی میں نہیں لڑ رہے تھے لیکن جب نواز شریف نے یہ کہا کہ یہ (شیخ رشید) اگلی دفعہ اسمبلی میں نہیں ہوگا تو پھر انہیں مجبوراً اللہ کی مدد سے یہ لڑنا پڑ گیا۔

متعلقہ خبریں