پاکستان

وزیراعظم سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کے وفد کی ملاقات


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیراعظم شہباز شریف سے چین، جاپان اور جنوبی کوریا کے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز نے ملاقات کی ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے اے ڈی بی کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے 2022ء کے سیلاب کے تناظر میں اے ڈی بی کی فراخدلانہ مدد کی تعریف کی، وزیر اعظم نے اقتصادی شعبوں سمیت موسمیاتی تبدیلی اور سماجی شعبے میں فنانسنگ کو بھی سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ امید ہے اے ڈی بی پاکستان کے ساتھ اپنی مضبوط شراکت داری جاری رکھے گا۔ملاقات میں آئی ایم ایف پروگرام سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا، آئی ایم ایف کے معاہدے پر ہونے والی پیشرفت سے متعلق وفد کو آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان پروگرام میں طے شدہ اصلاحات کو مکمل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔وفد کی جانب سے سیلاب سے ہونے والی تباہی کے بڑے چیلنجز سے نمٹنے میں حکومت کی کوششوں پر اپنے گہرے اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان کے اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کی تجدید کی گئی، اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ خبریں