پنجاب

اسلام آباد پولیس عمران خان کی گرفتاری کیلئے لاہور پہنچ گئی، چیئرمین پی ٹی آئی ریلی میں شریک


لاہور(قدرت روزنامہ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کیلئے اسلام آباد پولیس لاہور پہنچ گئی۔عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد اسلام آباد پولیس کی ٹیم خصوصی ہیلی کاپٹر پر وارنٹ لیکر عمران خان کو گرفتار کرنے لاہور پہنچ گئی۔
اسلام آباد کی عدالت نے خاتون جج کو دھمکی کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔ادھر زمان پارک سے عمران خان کی ریلی براستہ گڑھی شاہو داتا دربار صاحب روانہ ہوگئی ہے۔ کارکن مرد و خواتین اور بچوں کی کثیر تعداد ریلی میں شریک ہے۔ ریلی کے باعث شدید ٹریفک جام ہوگیا ہے۔
عمران خان بلٹ پروف اور بم پروف گاڑی میں ریلی میں شریک ہیں۔ سیکیورٹی فورسز کی 6 گاڑیاں بھی ان کے ساتھ ہیں۔
یاد رہے کہ 5 مارچ کو بھی عمران خان کی گرفتاری کے لیے اسلام آباد پولیس کی ٹیم لاہور پہنچی تھی۔ ایس پی سٹی حسین طاہر نے ٹیم کے ہمراہ زمان پارک پہنچ کر وارنٹ گرفتاری دکھائے اور نوٹس جمع کروایا تھا تاہم عمران خان کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی تھی۔

متعلقہ خبریں