اہلخانہ نے عمر شریف کے انتقال کی خبروں کی تردید کردی

(قدرت روزنامہ)پاکستان کے مایہ ناز کامیڈین، اسٹیج اداکار و میزبان عمر شریف کے اہلخانہ نے سوشل میڈیا پر ان کے انتقال سے متعلق گردش کرنے والی پوسٹس کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹھیک ہیں . گزشتہ روز سے سوشل میڈیا سائٹس بالخصوص ٹوئٹر و فیس بک پر یہ افواہیں زیر گردش ہیں کہ عمر شریف انتقال کرگئے .

سوشل میڈیا پر نامعلوم ذرائع سے شیئر کی گئی پوسٹس میں عمر شریف کے انتقال کا دعویٰ کیا جارہا تھا اور ان کے ایصالِ ثواب کے لیے دعاؤں کی بھی درخواست کی گئی تھی . ٹوئٹر پر بھی کچھ لوگ ان کے انتقال کی افواہیں شیئر کرتے نظر آئے . تاہم کچھ لوگوں نے بغیر تصدیق کے ایسی خبریں پوسٹس کرنے پر تنقید بھی کی . اس حوالے سے ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی نے جب عمر شریف کے اہلخانہ سے رابطہ کیا کہ تو ان کے بیٹے جاوید عمر نے مذکورہ افواہوں کی تردید کی اور کہا کہ خبر جھوٹ پر مبنی ہے . مزید پڑھیں: عمر شریف کی’علالت‘ کی خبروں پر اہلخانہ کی وضاحت جاوید عمر کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تمام افواہیں جھوٹی اور بے بنیاد ہیں . دوسری جانب آرٹس کونسل کی میڈیا منیجر شیلا محمود نے بتایا کہ عمر شریف کے انتقال سے متعلق جھوٹی خبر گردش کررہی ہیں . شیلا محمود کا کہنا تھا کہ گزشتہ شب ہی ان کی عمر شریف کے اہلخانہ سے بات ہوئی ہے اور وہ تندرست ہیں . خیال رہے کہ چند روز قبل سوشل میڈیا پر عمر شریف کی ایک تصویر وائرل ہوئی تھی، جس میں انہیں ویل چیئر پر بظاہر بیمار حالت میں دیکھا جا سکتا تھا . مذکورہ تصویر کو عمر شریف کے نام سے بنائے گئے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شیئر کیا گیا تھا اور ساتھ ہی دعاؤں کی درخواست بھی کی گئی تھی . اداکار کو بیماری کی حالت میں دیکھ کر کئی لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی اور ملک بھر کے لوگ ان کے لیے دعائیں کرتے دکھائی دیے تھے . تصویر وائرل ہونے کے بعد انگریزی اخبار ایکسپریس ٹریبیون کی رپورٹ میں اداکار کے اہلخانہ کے قریبی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ عمر شریف کے اہلخانہ نے تصدیق کی کہ مذکورہ تصویر کچھ عرصہ قبل کی ہے جب کہ اداکار اپنے معمولی چیک اپ کے لیے ہپستال گئے تھے . . .

متعلقہ خبریں